Live Updates

وزیر مملکت قومی ثقافت و ورثہ حذیفہ رحمان کی زیر صدارت فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی کے لیے دوسرا اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعرات 22 مئی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی کے لیے دوسرا اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت قومی ثقافت و ورثہ حذیفہ رحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر، لیجنڈری فلم ڈائریکٹر ستیش آنند، سیکرٹری اطلاعات و نشریات، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، ہم فلمز کے نمائندگان اور دیگر ممتاز فلم سازوں، تخلیق کاروں اور شعبہ جاتی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں فلم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز، ریاستی سرپرستی کی کمی، سینما گھروں کی بحالی اور مقامی فلمی مواد کے فروغ جیسے کلیدی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکا نے اتفاق کیا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری نہ صرف ثقافتی شناخت کی نمائندہ ہے بلکہ قومی معیشت، نوجوانوں کے روزگار اور مثبت عالمی امیج کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ فلم انڈسٹری ہماری ثقافت، تاریخ اور نوجوان نسل کی سوچ کا عکاس شعبہ ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ہم اس انڈسٹری کو ادارہ جاتی بنیادوں پر بحال کرنے جا رہے ہیں تاکہ تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں وزیراعظم کو ایک جامع روڈمیپ پیش کیا جائے گا جس کے تحت پالیسی اصلاحات، مالی مراعات، تربیتی اداروں کی بحالی اور سینما انفراسٹرکچر کی ترقی شامل ہو گی، اس کے علاوہ تمام سٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں وزیراعظم کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر شریک ماہرین نے حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات پاکستان میں فلمی و ثقافتی احیاء کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات