سی سی ڈی نے منشیات و زیادتی کا شکار، گمشدہ و گھر سے بھاگے 44 بچے بازیاب کروا لئے

جمعہ 23 مئی 2025 12:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نےمنشیات و زیادتی کےشکار، گمشدہ و گھر سے بھاگے 44 بچے بازیاب کروا لئے۔ہمارا پیارا ایپ، ورچوئل چائلڈ پروٹیکشن سنٹر، این جی اوز، سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کی تلاش عمل میں لائی گئی۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق بازیاب کروائے گئے بچوں کو والدین کے حوالے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی سی سی ڈی عمر فاروق سلامت، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، ایس پی عبدالحنان سمیت سینئر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت بچوں سے زیادتی، استحصال، چائلڈ لیبر ہماری ریڈ لائن ہے، معاشرتی ڈھانچے کی اصلاح کے لئے بچوں کو جنسی درندوں، جرم کی دنیا میں آنے سے بچانا، مفید شہری بنانا ہو گا، منشیات، زیادتی کا شکار بچوں اور ان کے والدین کی ماہرین نفسیات سے کونسلنگ کروائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہاکہ سی سی ڈی نے مختصر ترین مدت میں بڑی تعداد میں گمشدہ بچوں کو بازیاب کروایا،بازیاب کروائے گئے بچوں کا تعلق گھوٹکی، کراچی، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، لاہور سمیت مختلف شہروں سے ہے،بازیاب کروائے گئے 13 بچوں کے والدین کو ڈھونڈ کر حوالے کیا جا رہا ہے،لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، ایس او ایس ویلج، بحالی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے کہا کہ13 بچے کام کی زیادتی، 15 بچے والدین، اساتذہ کی ڈانٹ ڈپٹ اور مار کی وجہ سے گھروں سے بھاگے، 16 بچے کریمنلز کے ہاتھوں نشے، زیادتی کا شکار بنے، ملوث گینگز کی گرفتاری یقینی بنا رہے ہیں۔ سی سی ڈی لا کے تحت بچوں سے جنسی زیادتی کے ملزمان کی ای ٹیگنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے، گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کو داتا دربار، ریلوے سٹیشن، بس سٹیندز سے بازیاب کروایا گیا۔