وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبائی حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی ارمغان سبحانی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 23 مئی 2025 14:00

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے جو اقدامات اٹھا رہی ہے وہ قابل تحسین ہیں، ہم اپنی خوراک اور گوشت کی ضرورت کو تو پورا کر رہے ہیں لیکن دودھ کی ضرورت کا پورا نہ ہونا ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے، ہم آج بڑی تعداد میں خشک دودھ بیرون ممالک سے منگوا رہے ہیں، ہمیں اپنی دودھ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے جو ناگزیر بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک مقامی مارکی میں لائیو سٹاک ڈاکٹرز کو موٹرسائیکلیں دینے کی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں خود ایک زمیندار اور کسان ہوں، کسان کا بیٹا ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اہم و ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اب یہ آپ لوگوں کی محنت ہی ہے جو رنگ لائے گی اور وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے ملک کی دودھ کی ضرورت کو بھی پورا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ہمارے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہمارے ازلی و ابدی دشمن بھارت کے خلاف صرف ایک گھنٹے میں وہ جنگ جیتی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ہمارے بچوں کو درسی کتابوں میں بھی اس جنگ کی کامیابی کا بتایا جاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے عملے کو میری یہی نصیحت ہے کہ دن رات محنت کریں اور عوامی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب کے آخر میں وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے ضلعی پیرا ویٹرنری عملے کے70 ڈاکٹرز کو موٹر سائیکلوں کی چابیاں بھی دیں۔ تحصیل کی سطح پر حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ لائیو سٹاک کو جانوروں کے حمل ہونے یا نا ہونے سے متعلق جاننے کے لئے الٹرا سائونڈ مشین بھی فراہم کی گئی جس کا باضابطہ افتتاح بھی وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔

ریجنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک ڈاکٹر انیس ،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر سمبڑیال ڈاکٹر افضل سمیت دیگر لائیواسٹاک کے حکام ، ڈاکٹرز اور یونین عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے اور نظامت کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے دیئے۔