قصور،صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے آر ایچ سی گنڈا سنگھ والاکی نئی بلڈنگ کا افتتاح کردیا

ہفتہ 24 مئی 2025 16:45

قصور،صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے آر ایچ سی گنڈا سنگھ ..
قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے آر ایچ سی گنڈا سنگھ والاکی نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی /چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی نعیم صفدر انصاری ایم پی اے ملک احمد سعید خاں ، ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی ، چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ اتھارٹی قصور غلام مصطفی سحر، ایم ایس آر ایچ سی ،ڈاکٹرز ودیگر افسران بھی موجود تھے۔

ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات فارمیسی ،ہیلتھ کیئر سینٹر، نرسری، زنانہ وارڈ، مردانہ وارڈ ،جنرل وارڈ آپریشن تھیٹر ، فارمیسی میں ادویات کے سٹاک چیک کو چیک کرنے سمیت وہاں پر مریضوں کو ملنے والی فری ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات کے مطابق ہر جگہ اعلانات کروائے جائیں کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی جو بھی سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی بابت رقم یا باہر سے لانے کا کہے تو اُس کے خلاف فوری شکایت کے اندراج پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آپریشن تھیٹر کے وزٹ کے دوران ڈاکٹر ماریہ نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف ، ڈپٹی کمشنر عمران علی اور ہیلتھ اتھارٹی قصور کی ہدایات پر رورل ہیلتھ سینٹرگنڈاسنگھ والامیں روزانہ کی بنیاد پر 50مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے سی ای او ہیلتھ قصور آفس کا بھی وزٹ جہاں پر 20 ویکسینیٹرز کو بائیکس اور ہیلمٹ تقسیم کیے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی اس سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے لان میں خود بائیک چلائی اور سی ایم پنجاب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ویکسینیٹرز کی سہولت کے لیے انہیں بائکس اور ہیلمٹ مہیا کیے ۔بعد ازاں وزیر صحت نے بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کا دورہ کرکے وہاں پر پر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ 26مئی سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر 7لاکھ 66ہزار 393بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیرصحت کاکہنا تھا کہ پولیو ایک قومی فریضہ ہے جس میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلع کو پولیو فری زون بنانے کے لیے کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ \378