اسد قیصر نے عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن صوابی میں اپنی والدہ کے نام سے منسوب ’’رشیدہ بیگم سکھ سانجھ ویلسا سینٹر‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھا

ہفتہ 24 مئی 2025 20:40

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر نے عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن نبی صوابی میں ’’رشیدہ بیگم سکھ سانجھ ویلسا سینٹر‘‘کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ یہ مرکز اٴْن کی والدہ رشیدہ بیگم کے نام سے منسوب ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عظیم مقصد کیلئے قائم کیا جا رہا ہے۔

اس مرکز میں ’’رشیدہ سکھ سینٹر‘‘کے تحت خواتین کو انٹرپرینیورشپ، کمپیوٹر مہارت، قیادت اور دیگر فنی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ خودمختار اور معاشی طور پر مضبوط بن سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے سابق ایئر چیف (ر) سہیل امان اور معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر شگفتہ جبین کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے عالم آباد ویلفیئر سٹی کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان ایئر فورس کی جرات، بہادری اور حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں نمایاں کردار پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج ہم دنیا کے سامنے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں۔اسد قیصر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جب ان کی سہیل امان صاحب سے پہلی ملاقات ہوئی تو انہوں نے ایئر یونیورسٹی اور عالم آباد ویلفیئر سٹی کے دو بڑے منصوبے صوابی میں لانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

اگرچہ ایئر یونیورسٹی نوشہرہ منتقل کر دی گئی جو تاحال مکمل نہ ہو سکی، لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ عالم آباد ویلفیئر سٹی کا 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے سندھ کے کامیاب ’’راشد آباد ٹاؤن‘‘کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالم آباد ٹاؤن بھی اٴْسی معیار کا ایک مثالی منصوبہ بنے گا۔ انہوں نے صوابی میں ایک ایسی آئی ٹی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا جو روزگار سے جڑی تعلیم فراہم کرے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے بین الاقوامی جامعات سے متعدد یادداشتِ تفاہم (MoUs) بھی سائن کیے ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے اس خواب کی تکمیل میں تعاون کی اپیل کی۔