Live Updates

مودی کی آبی جنگ کی دھمکی علاقائی امن و استحکام میں سنگین رکاوٹ ہے،چینی اسکالر

ہفتہ 24 مئی 2025 23:20

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) بیجنگ میں چارہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چینگ ژی ژونگ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پانی کے حقوق کو نام نہادانسداد دہشت گردی اورتنازعہ کشمیر سے جوڑنا اپنے مذموم مقاصد کے لئے آبی وسائل کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش ہے جو بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصو لوں کے منافی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پروفیسر چینگ ژی ژونگ نے ایک بیان میں کہا کہ مودی کی پاکستان کے خلاف آبی جنگ کی دھمکی علاقائی امن و استحکام میں سنگین رکاوٹ ہے اور اس سے بھارت کی اپنی بین الاقوامی ساکھ کو بھی نقصان پہنچے گا جو علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں اس کے فعال کردار کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت میں قوم پرستی اور ہندوتوا کے توسیع پسندانہ اقدامات اپنے عروج پر ہیں۔

مودی اپنے سخت موقف کے ذریعے ایک مضبوط قیادت کا تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ملک میں ہندوتوا اور قوم پرست جذبات کوابھارا جائے اور ووٹروں کی زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کی جائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ فضائی جنگ میں بھارت کو 5جدید لڑاکا طیاروں کے نقصان سمیت سنگین فوجی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جس سے مودی کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

دوسری طرف بھارت کو معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے جیسے کہ مہنگائی کی شرح 9.7فیصد سے زیادہ ہے اور روپے کی قدرمیں زبردست گراوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے نریندر مودی حکومت کے خلاف عوام میں عدم اطمینان پایاجاتاہے۔مودی سخت بیانات دے کر ملکی توجہ اپنی ناقص حکمرانی اور معاشی مشکلات سے ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں اور اندرونی سیاسی دبا ئوکو کم کرنے کے لیے بیرونی دشمنوں کی طرف توجہ مرکوز کررہے ہیں۔

پروفیسر چینگ نے کہا کہ بھارت دریائے سندھ کے بالائی علاقوں پر قابض ہے اور آبی وسائل کی تقسیم میں اسے جغرافیائی فوائد حاصل ہیں۔ پاکستان کی طرف بہنے والے آبی وسائل پاکستان کی زراعت، صنعت اور معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ مودی کی پانی بند کرنے کی دھمکی کا مقصد مستقبل کے مذاکرات میں پاکستان پر دبائو ڈالنا ہے اور آبی وسائل کا استعمال کرکے بنیادی مفادات کے لئے پاکستان سے رعایت حا.صل کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں پاک بھارت فضائی جنگ میں بھارت کی ناکامی کا معاملہ اب بھی زیر بحث ہے۔ اگر مناسب طریقے سے نہیں سنبھالا گیا تو اس کا جنوبی ایشیا میں بھارت کی سیاست پر گہرا اثر پڑے گا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان فضائی جنگ نے بھارت کی فوجی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور اس سے ملک کے نظام اور فوجی ترقی میں بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

مودی انتظامیہ بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارت کے سخت موقف کو ظاہر کرکے بین الاقوامی برادری میں اپنی ساکھ اور حیثیت کو بحال کرنے اور بین الاقوامی رائے عامہ میںبھارت کے منفی تشخص کو ٹھیک کرنے کی کوشش کررہی ہے۔مختصراً پاکستان کے بارے میں مودی کے سخت موقف میں اندرونی سیاست جیسے قلیل مدتی عوامل کارفرما ہیں۔ تاہم طویل مدتی اور عملی لحاظ سے یہ نقطہ نظر نہ صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے گا، بلکہ علاقائی امن و استحکام کے ساتھ ساتھ بھارت کی اپنی ترقی پر بھی بہت سے منفی اثرات مرتب کرے گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات