قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصی کے سابقہ امام کے صاحبزادے (آج )پاکستان آئینگے

اتوار 25 مئی 2025 15:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصی فلسطین کے سابقہ امام الشیخ اسعد بیوض التمیمی کے صاحبزادے الشیخ مامون اسعد التمیمی دس روزہ دورے پر آج (پیر) کے روز پاکستان آئیں گے۔ مامون اسعد جمعیت اہل حدیث پاکستان کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔اپنے دورے کے دوران مامون اسعد تمیمی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر سمیت دیگر مرکزی قیادت کے علاوہ مختلف عمائدین، علمائے کرام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اپنے پروگراموں میں آپ غزہ، فلسطین میں اسرائیلی بر بریت کے خلاف ہونے والے مظالم پر روشنی ڈالیں گے۔اس موقع پر صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر، چیئرمین علامہ طارق محمود سمیت دیگرنے کہا کہ اہل فلسطین کا غم پوری مملکت اسلامیہ بالخصوص پاکستان کا غم ہے۔

(جاری ہے)

پوری مملکت اسلامیہ یک جان ہوکر اہل فلسطین، اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جمعیت اہلحدیث پاکستان خلیج ممالک مشرق وسطی میں امن و امان کی خواہاں ہے۔علامہ ہشام الٰہی ظہیر کا مزید کہنا تھاکہ خادم حرمین شریفین ولی عہد شاہ سلمان بن عبد العزیز کے اہل فلسطین کو مفت حج کروانے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔سعودی عرب نے ہمیشہ امت مسلمہ کے درد کو محسوس کرتے ہوئے ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔جمعیت اہلحدیث پاکستان خادم حرمین شریفین ولی عہد شاہ سلمان بن عبد العزیز کے حالیہ اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے سعودی فرمانرواملک محمد بن سلمان کی امت مسلمہ کیلئے کاوشوں،ان کے سنہرے اقدام کو اہل فلسطین کے اتحاد کی روشن مثال قرار دیا۔انہوں نے کہا مملکت اسلامیہ سمیت اہل فلسطین اور سعودی عرب کے درمیان توحید و سنت کی بنیاد پر قائم رشتہ انتہائی مضبوط ہے۔اہل فلسطین کیلئے مفت حج کا اعلان اہل فلسطین کے باہمی اتحاد و اتفاق، باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بننے کا ذریعہ بنے گا۔سعودی عرب نے اتحاد امت کے لئے ہمیشہ عالمی رہنما کا کردار ادا کیا ہے۔