سپریم کورٹ میں عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر سمپوزیم (آج)ہوگا

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سمپوزیم میں چاروں ہائی کورٹس، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے جج بھی شریک ہوں گے

اتوار 25 مئی 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر سمپوزیم کا انعقاد (آج)پیرکوہوگا۔سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں ہونے والے سمپوزیم کا عنوان "پاکستان میں عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال، امکانات اور وعدی" ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے لا اینڈ جسٹس کمیشن کی جانب سے (آج)پیر سمپوزیم کا انعقاد ہوگا، سمپوزیم میں سپریم کورٹ آف پاکستان، آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ کے جج اور افسران شرکت کریں گے۔سمپوزیم میں گلگت بلتستان کی سپریم اپیلیٹ کورٹ، فیڈرل شریعت کورٹ کے جج اور افسران کے علاوہ تمام ہائی کورٹس اور راولپنڈی، اسلام آباد کے عدالتی افسران شرکت کریں گے۔سپریم کورٹ کے مطابق سمپوزیم میں وفاقی عدالتی اکیڈمی کے فیکلٹی ممبران بھی شریک ہوں گے۔