Live Updates

OIC کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ،صدرریاست

پیر 26 مئی 2025 16:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC)نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے موقف کی تائیدکی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (OIC)کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور اس سلسلے میں بھارت پر دبائو ڈالے اور اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو روکے۔

مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کر کے اُس کا الزام پاکستان پر لگایا اور پاکستان پر حملہ آور ہوا جس کے جواب میں پاک افواج اور پاکستان کے عوام نے مل کر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے ناپاک عزائم کو خاکستر کیا۔

(جاری ہے)

ہم جنگ کے حامی نہیں ہیں اور نہ ہی جنگ چاہتے ہیں لیکن بھارت نے فسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ چھیڑی اور اُس کے جواب میں ہماری پاک افواج نے بھارت کو دھول چٹاتے ہوئے ہندوستانی غرور کو پسپا کیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جب تک مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکہ، سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک کا بہت اہم کردار رہا ہے جنہوں نے بروقت پاکستان اور بھارت کی حکومتوں سے رابطہ کیا اوردونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کروائی ۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں العربیہ ٹی وی کی اینکر پرسن مس ملاک البکاری (Miss Malek El Baccari)کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایک سوال کے جواب میںصدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370اور 35-Aمنسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارت کی9لاکھ فوج موجود ہے عددی اعتبار سے 10کشمیریوں پر ایک انڈین فوجی تعینات ہے اور بھارت یہ چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو دہلی میں بیٹھ کر وہاں سے چلایا جائے اور دہلی میں بیٹھے چند لوگ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کے فیصلے کریں ۔

صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ جب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو لائن آف کنٹرول کے اُس پار بھی کشمیری شہید ہوتے ہیں اور لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی کشمیریوں کو ہی قربانیاں دینی پڑتی ہیں اور کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے مسلسل اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں جس پر بین الاقوامی برادری کو سوچنا ہو گا اور مسئلہ کشمیر کامستقل اور پائیدار حل تلاش کر تے ہوئے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا بنیادی حق خودارادیت دینا ہو گا۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات