Live Updates

سندھ طاس معاہدے کے تحت دریاؤں کا بہاؤ روکنے کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا،رضا ربانی

پیر 26 مئی 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت دریاؤں کا بہاؤ روکنے جیسے کسی بھی اقدام کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے یکطرفہ فیصلہ کیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کر رہا ہے، یہ بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق، معاہداتی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت کا آبی دہشتگردی کی پالیسی پر اصرار خطے میں مستقل دشمنی اور عدم استحکام کو جنم دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاہدے کو معطل کرنے کا غیر قانونی یکطرفہ اعلان قابل مذمت ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں پر عمل کرے، بھارت دریاؤں کے بہاؤ کو روکنے، موڑنے یا محدود کرنے سے گریز کرے۔رضا ربانی نے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کے بیانات کہ پاکستان کے لوگوں کو بھوکا مارا جائے گا، ان کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، یہ اسرائیل کی غزہ میں اپنائی گئی جبر و استبداد کی پالیسی سے گٹھ جوڑ کو بھی ظاہر کرتا ہے۔رضا ربانی نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد ایک نیا اسٹریٹجک توازن ابھر کر سامنے آیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات