موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز کی غیر قانونی طور پر ٹیمپرنگ اور کلون شدہ/پیچڈ ڈیوائسز کی فروخت کے خلاف کارروائی

پیر 26 مئی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبرز کی غیر قانونی طور پر ٹیمپرنگ اور کلون شدہ/پیچڈ ڈیوائسز کی فروخت کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل دفتر کراچی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کراچی کے تعاون سے دو کامیاب چھاپے مارے۔

یہ چھاپے سیما موبائل مال، راشد منہاس روڈ اور رفیق موبائل شاپنگ سینٹر، قائدآباد، کراچی میں مارے گئے۔ چھاپوں کے دوران آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ میں استعمال ہونے والے لیپ ٹاپس، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور خصوصی سافٹ ویئر قبضے میں لے لیے گئے۔پیر کو پی ٹی اے سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس دوران تین افراد کو موقع سے گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے NCCIA کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ٹی اے موبائل ڈیوائسز کے آئی ایم ای آئی نمبرز کی ٹیمپرنگ اور ان کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ اور کلون شدہ فونز کی فروخت قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے، جو سائبر جرائم، مالی دھوکہ دہی، اغوا اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو سکتے ہیں۔پی ٹی اے کی عوام الناس سے گزارش ہے کہ فون کلوننگ یا ٹیمپرنگ سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دیں۔ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔