شادی ہال میں دلہا دلہن کے رشتے دار گتھم گتھا، پولیس کی بھی پٹائی کردی

دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کی خوب درگت بنائی جس کیلئے کرسیوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 15:24

شادی ہال میں دلہا دلہن کے رشتے دار گتھم گتھا، پولیس کی بھی پٹائی کردی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شادی ہال میں دلہا دلہن کے رشتے دار گتھم گتھا ہوگئے جنہوں نے پولیس کی بھی پٹائی کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شہر قائد کے علاقہ عزیزآباد میں پیش آیا جہاں شادی ہال میں دلہا اور دلہن والوں کے رشتے دار آپس میں لڑپڑے، دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے اس جھگڑے کے دوران دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کی خوب درگت بنائی، اس دوران کرسیوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پہلے دلہا اور دلہن والوں کے رشتے داروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو بڑھتے ہوئے معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا جس کے بعد دونوں طرف سے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی پھینکی گئیں، اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے شادی ہال انتظامیہ نے پولیس کو بلایا تو مشتعل افراد نے پولیس سے بھی ہاتھا پائی شروع کردی جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل حافظ عثمان زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں جھگڑا کرنے کے الزام میں تین افراد یونس مسیح، ہیری اور ہیری ولد وکٹر کو گرفتار کرلیا گیا اس کے علاوہ کراچی پولیس نے 30 سے 40 نامعلوم افراد کے خلاف بھی عزیزآباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا، اس مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور تھوڑ پھوڑ کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں پر تشدد کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

دوسری طرف بھارت میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں شادی کے موقع پر رشتہ داروں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد جوڑے نے پولیس سٹیشن جاکر شادی کرلی، یوں سورت شہر میں ہونے والی اس تقریب میں جوڑے کی شادی کا آغاز تو ہال میں ہوا تاہم اس کا اختتام تھانے میں ہوا کیوں کہ شادی ہال میں جوڑے کی شادی کی تمام رسومات مکمل ہوگئی تھیں لیکن صرف گلے میں ہار ڈالنے باقی تھے کہ شادی کو اچانک روک دیا گیا، دُلہا کے گھر والوں نے مبینہ طور پر تقریب میں کھانا ختم ہونے کی وجہ سے تقریب روک دی تھی۔