بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ،زاہد اقبال ہاشمی

بھارتی سرکار مودی کی ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہو کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے

منگل 27 مئی 2025 16:57

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس زاہد اقبال ہاشمی کی جانب سے گذشتہ روز سابق وزیر اطلاعات،امیدوار قانون ساز اسمبلی ومرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر سردار عابد حسین عابد کے اعزاز میں عشائیہ دیا اس موقع پر معروف بزنس مین ملک اویس اعوان بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو سردار عابد حسین عابد نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر جاری ظلم وستم پر گہری تشویش کا اظہار کیا سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے اور وہاں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و بربریت شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی سرکار مودی کی ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہو کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت کو اُس کے مکروہ عزائم سے باز رکھنے کے لئے دباؤ ڈالے۔سردار عابد حسین عابد اور زاہد اقبال ہاشمی نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم اور فسطائیت کو بے نقاب کرنے اور مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔

زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہم پیرس سمیت پورے یورپ کے اندر بھارت کا گھناؤنا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں اور دنیا کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کر رہے ہیں بعدازاں سردار عابد حسین عابد اور زاہد اقبال ہاشمی کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔