Live Updates

فیلڈ مارشل کا ایرانی جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ، دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر زور

ایرانی چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات میں خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال، سرحدی علاقوں کو تجارت کے مراکز میں تبدیل کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 16:40

فیلڈ مارشل کا ایرانی جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ، دفاعی تعلقات مضبوط ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور دفاعی تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے تہران اسلامی جمہوریہ ایران میں جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں عسکری قائدین نے علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اور باہمی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی، اس دوران باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں افواج کے درمیان تعاون میں اضافے، مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے مؤثر اقدامات اور سرحدی علاقوں کو تجارت و اقتصادی روابط کے مراکز میں تبدیل کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا جو خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے معلوم ہوا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایران پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، چیف آف آرمی سٹاف نے وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ حضرت آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای اور صدر ایران جناب مسعود پزشکیاں سے ملاقات کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر وزیر اعظم کے وفد کے ہمراہ موجود ہیں۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات