Live Updates

پیپلز لائرز فورم کے وکلاء نے ہمیشہ پارٹی کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ، مقررین

منگل 27 مئی 2025 22:53

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے رکن چوہدری بنارس کی جانب سے راولپنڈی اسلام آباد کے نامزد ہونے والے لا آفیسرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر ملک خالد نواز بوبی، پنجاب کونسل کے رکن یسین آزاد، سینئر نائب صدر چوہدری افتخار احمد اور سابق ناظم ناصر میر نے پیپلز لائرز فورم کے وکلاء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورم کے وکلاء نے ہمیشہ پارٹی کی جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ وکلاء نے نہ صرف جمہوریت کے استحکام، آئین کی پاسداری اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے بلکہ سماجی ناانصافیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بھی آواز بلند کی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں جن لا آفیسرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ان میں ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد خان تنولی، حفظہ بخاری، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سید مسعود الحسن، آصف خان جدون، راجہ امجد محمود، ندیم مغل، اور ملک ظہیر ارشد شامل تھے۔

تقریب میں شرکت پر چوہدری بنارس نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پارٹی قیادت کا اعتماد ہے کہ انہوں نے نظریاتی، اہل اور متحرک وکلاء کو اہم ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد خان تنولی نے خطاب میں چوہدری بنارس کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند سیاسی عمل ہے کہ پارٹی اپنے ورکروں اور وکلاء کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ تقریب میں پیپلز لائرز فورم کے سینئر وکلاء سمیت پیپلز پارٹی شعبہ خواتین، مقامی قیادت اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات