Live Updates

جاپان کی ٹیکنالوجی اور اپنے وسائل کے امتزاج سے ہم ایک پائیدار صنعتی مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں، جام کمال خان

جمعرات 29 مئی 2025 20:43

جاپان کی ٹیکنالوجی اور اپنے وسائل کے امتزاج سے ہم ایک پائیدار صنعتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہمارے دروازے جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے کھلے ہیں، ہم جاپان کو نہ صرف ایک شراکت دار بلکہ پاکستان کی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک محرک قوت کے طور پر دیکھتے ہیں، جاپان کی ٹیکنالوجی اور ہمارے وسائل کے امتزاج سے ہم ایک پائیدار صنعتی مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ٹوکیو میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)، جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) اور جاپان-پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی (جے پی بی سی سی) کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے ملاقاتوں میں پائیداری، جدت اور اقتصادی انضمام پر مبنی باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

تمام ملاقاتوں میں وزیر تجارت نے تانبہ، سونا اور دیگر صنعتی معدنیات کے ذخائر کو جاپانی سرمایہ کاری کے لیے ایک سٹریٹجک موقع قرار دیا۔ انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ تلاش، جدید پراسیسنگ ٹیکنالوجیز اور ویلیو چین کی ترقی میں شامل ہوں اور پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ جام کمال نے کہا کہ ہمارا معدنی شعبہ اب بھی بڑی حد تک غیر دریافت شدہ ہے جس کے لیے ہم جاپانی شراکت داروں کو اعلیٰ قدر کے منصوبوں میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں جو اہم معدنیات کی پائیدار سپلائی چینز قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کی منتقلی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ایسے سرمایہ کاری فریم ورک کے لیے تیار ہے جو باہمی فائدے اور دیرپا اثرات کو یقینی بنائیں۔ جائیکا کے سینئر نائب صدر ہارا شوہی اور سائوتھ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران کے ساتھ گفتگو میں وزیر تجارت نے زور دیا کہ مستقبل کا اشتراک پاکستان کی قومی ترجیحات کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے جائیکا کی جانب سے گزشتہ برسوں میں 11.7 ارب ڈالر کی معاونت کو سراہا جو نقل و حمل، توانائی، ووکیشنل تربیت اور آفات سے نمٹنے جیسے شعبوں میں دی گئی۔ انہوں نے جائیکا پر زور دیا کہ وہ صنعتی کلسٹرز اور لاجسٹکس کوریڈورز کے لیے اضافی معاونت فراہم کرے تاکہ معدنی برآمدات اور ویلیو ایڈڈ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔وزیر تجارت نے ڈیجیٹل اختراعات اور گرین ٹیکنالوجیز سمیت جدید صنعتوں میں پاکستانی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تکنیکی تعاون کو وسعت دینے کی بھی درخواست کی۔

انہوں نے ٹیکس، توانائی، زراعت اور انسانی وسائل کے شعبے میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ جیٹرو کے صدر سسومو کاتااوکا اور ایگزیکٹو نائب صدر کازویا ناکاجو سے ملاقات میں وزیر تجارت نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں جیٹرو کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز (ایس ای زیز) اور ویلیو ایڈیڈ شعبوں جیسے آئی سی ٹی، انجینئرنگ اور فوڈ پروسیسنگ میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے جیٹرو سے درخواست کی کہ وہ جاپانی صنعتی اداروں میں پاکستان کے معدنی سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہمات، سیمینارز اور بی ٹو بی سرگرمیوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو ٹی ڈی اے پی کی جانب سے منعقدہ پاکستان کی نمایاں تجارتی نمائشوں میں شرکت کی دعوت دی تاکہ عملی شراکت داری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

جاپان-پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ ظہرانے کے دوران وزیر تجارت نے کمیٹی کے دیرینہ کردار کو سراہا جو پاکستان اور جاپان کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کو مستحکم بنانے میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے جے پی بی سی سی پر زور دیا کہ وہ پاکستان-جاپان بزنس ڈائیلاگ کی تیاری میں فعال کردار ادا کرے، خصوصاً معدنی اشتراک، مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ اور زرعی ویلیو چینز کے شعبوں میں سفارشات پیش کرے۔انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سرمایہ کار دوست ملک ہے اور جاپانی کمپنیوں کے خدشات کو اعلیٰ سطحی بین الوزارتی رابطے کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات