Live Updates

بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ، کراچی کی متعدد سڑکیں اور انڈر پاسز ٹریفک کیلئے بند

شہر کے متعدد علاقے بجلی کے طویل بریک ڈاﺅ ن کا شکار ہیں ، کئی علاقوں میں 36 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی ، پانی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اگست 2025 15:14

بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ، کراچی کی متعدد سڑکیں اور انڈر پاسز ٹریفک ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست ۔2025 )کراچی میں طاقتور مون سون سسٹم کے تحت ہونے والی بارشوں سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کے بعد شہر کی متعدد سڑکیں اور 5 بڑے انڈر پاسز ٹریفک کےلئے بند کر دئیے گئے ،بارش کا پانی زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے شہر کے 5 انڈر پاسز ٹریفک کے لیے بدستور بند ہیں جبکہ بجلی کا بحران شدید تر ہو گیا ،کئی علاقوں میں 36گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی،محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، تعلیمی ادارے دوسرے روز بھی بند رہے.

تفصیلات کے مطابق شہید ملت انڈر بائی پاس طارق روڈ، ڈرگ روڈ انڈر پاس جانب ایئر پورٹ، ناظم آباد نمبر 1 انڈر پاس، ناظم آباد نمبر 2 انڈر پاس اور سہراب گوٹھ انڈر بائی پاس بند ہیں ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق باغ کورنگی روڈ عوامی کٹ سے لیکر مزار کٹ تک روڈ ٹریفک کےلئے بند ہے بارش کا پانی جمع ہے اور روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ٹریفک کو دوسرے روڈ پر ڈبل چلایا جا رہا ہے کورنگی کراسنگ ندی اور کورنگی کازوے تیسرے روز بھی زیر آب ہے.

کورنگی کراسنگ ندی قیوم آباد جانب کورنگی کراسنگ آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے ٹریفک کو قیوم آباد چورنگی سے بلوچ کالونی کی طرف اور سی این جی کٹ سے گودام چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں کورنگی کازوے روڈ محمود آباد جانب کورنگی آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے ٹریفک کو محمود آباد سے ایکسپریس وے جانب قیوم آباد کی طرف اور گودام چورنگی سے آنے والی کو قیوم آباد و شان چورنگی کی طرف بھیج رہے ہیں واضح رہے کہ موسلادھار بارشوں کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہیں یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور ایکسپریس وے پر بارش کا پانی تاحال جمع ہے جس کے سبب ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے.

شہرکی اہم شاہراہوں سے بارش کا جمع پانی نکالنے کے لیے شہری انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہی، جس سے عوام شدید پریشانی شکار ہیں دوسری جانب شہر میں بارش کے بعد بجلی کا بحران شدید تر ہو گیا شہر کے متعدد علاقے طویل بریک ڈاﺅ ن کا شکار ہیں، اور کئی علاقوں میں 36 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور گلستانِ جوہر بلاک 9 میں 34 گھنٹے سے بجلی غائب ہے، جبکہ صفورا گوٹھ اسکیم 33 کی سوسائٹیز بشمول سٹی ولاز میں بھی 36 گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا ہے، مگر بجلی تاحال بحال نہیں کی گئی.

شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں سعود آباد، غازی گوٹھ، خدا کی بستی، ابراہیم حیدری، شانتی نگر اور اسٹیڈیم روڈ شامل ہیں، جہاں 28 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 24 گھنٹوں سے بجلی بند ہے، جس کے باعث علاقے میں پانی کا بھی شدید بحران پیدا ہو گیا ہے مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو چکے ہیں علاوہ ازیں نانک واڑہ، یوسف گوٹھ، رامسوامی، کیماڑی اور اعظم بستی میں بھی گزشتہ 22 گھنٹوں سے بجلی بند ہے، اور عوام شدید اذیت کا شکار ہیں.

علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش ہوتے ہی بجلی غائب ہو جاتی ہے، اور دوسری رات بھی بغیر بجلی کے گزارنا پڑ رہا ہے، مگر کوئی پرسان حال نہیں عوامی حلقوں نے کے الیکٹرک اور ضلعی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے. دوسری جانب کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی نے دعوی کیا ہے کہ بدھ کی شام 6 بجے تک شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی تھی مونس علوی کے مطابق شہر کے تقریبا 150 فیڈرز پر بجلی بحالی کا کام جاری ہے، بارش کی وجہ سے کے الیکٹرک فیلڈ اسٹاف کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک رہنے کا امکان ہے.

شہر میں آئندہ 24گھنٹوں میں ایک بار پھر تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ہوا کا کم دباﺅ شدت کے ساتھ فعال ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ بادل دوبارہ قہر برسائیں گے شہر میں تعلیمی ادارے دوسرے روز بھی بندرہے . 

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات