Live Updates

بھارت کی جارحیت اور جاہلیت دونوں کا مقابلہ کرنے کے لئے قوم تیار ہے،تابش قیوم

جمعرات 29 مئی 2025 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے بھارتی میڈیا کی جانب سے مرکزی مسلم لیگ کے خلاف جاری پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ ایک نظریاتی، محب وطن اور پٴْرامن سیاسی جماعت ہے، جو اتحادِ امت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے جھوٹے،من گھڑت پروپیگنڈہ،ہرزہ سرائیوں کو مسترد کرتے ہیں، یوم تکبیر کے موقع پرپاکستان میں اتحاد و یکجہتی کی فضا پیدا ہوئی،بھارت پاکستانی قوم کی یکجہتی سے خائف ہے،ہندوستان دہشت گردی کا مرکز ہے، پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، پاکستان نے کئی بار ثبوت عالمی دنیا کے سامنے رکھے،بھارتی دہشتگردی کے خلاف عالمی دنیا کو نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

تابش قیوم کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر28 مئی کا دن پاکستانی قوم کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، مرکزی مسلم لیگ نے اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات کا انعقاد کیا، جن کا مقصد قومی وقار، اتحاد اور یگانگت کو اجاگر کرنا تھا،ہم ان تمام کارکنان اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان تقریبات کو کامیاب بنایا۔

اس دن پورے ملک میں اتحاد اور یگانگت کی فضا دیکھنے کو ملی، اور یہی ہمارے نظریاتی مؤقف کی جیت ہے۔ تابش قیوم کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے ہمیشہ پاکستان اور اس کی نظریاتی قوتوں کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کی مہم چلائی ہے، "آپریشن بنیان مرصوص" کے دوران دنیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا تماشا دیکھا، جب انہوں نے لاہور کو بندرگاہ بنا کر پیش کیا تھا۔

یہی حربے آج وہ مرکزی مسلم لیگ کے خلاف استعمال کر رہے ہیں،مرکزی مسلم لیگ کا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، اور بھارتی میڈیا کیایسے تمام دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے، چاہے وہ پاکستان میں ہو یا دنیا کے کسی بھی خطے میں،پہلگام واقعہ کی بھی مرکزی مسلم لیگ نے مذمت کی ہے،دوسری جانب دیکھا جائے تو ہندوستان دہشت گردی کامرکز ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے ہمیشہ بھارت کا ہاتھ رہا ہے،کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس کا واضح اور ناقابل تردید ثبوت ہے، حالیہ دنوں میں ترجمان پاک فوج نے بھی عالمی برادری کے سامنے بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کے ٹھوس شواہد پیش کیے ہیں۔

تابش قیوم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پاکستانی قوم کے اتحاد سے خوفزدہ ہے۔ اسے ایک مضبوط اور متحد پاکستان سے خطرہ ہے، اسی لیے وہ مرکزی مسلم لیگ کے خلاف سازشیں کر رہا ہے کیونکہ مرکزی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی ترویج اور احیا کے لیے کام کر رہی ہے، مرکزی مسلم لیگ کا نصب العین ایک پٴْرامن، مضبوط اور نظریاتی پاکستان ہے۔ خالد مسعود سندھو کی قیادت میں یہ جماعت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور ملک بھر میں عوامی خدمات میں مصروفِ عمل ہے، جن افراد کے نام بھارتی میڈیا لیتا ہے، وہ مرکزی مسلم لیگ کے متحرک سیاسی کارکن ہیں اور پاکستان میں سیاسی طور پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ اتحادِ امت اور قومی وحدت کی بات کی ہے، اور یہی وہ پیغام ہے جس سے بھارت خائف ہے۔ جو جماعتیں پاکستان میں انتشار اور دہشت گردی کو فروغ دیتی ہیں، ان پر بھارتی میڈیا خاموش رہتا ہے کیونکہ ان کی ترجیحات نظریہ پاکستان کے مخالفین کی حمایت پر مبنی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات