Live Updates

عالمی بینک کی پاکستان کو 40ارب ڈالر کی فراہمی،شراکت داری فریم ورک پر کام شروع

ابتدائی 20ارب ڈالر تعلیم، صحت، صاف توانائی ، ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے، وزارت اقتصادی امور

جمعرات 29 مئی 2025 22:20

عالمی بینک کی پاکستان کو 40ارب ڈالر کی فراہمی،شراکت داری فریم ورک پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 40ارب ڈالر کی فراہمی کے حوالے سے 10سالہ شراکت داری فریم ورک پر کام شروع کردیا گیا۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے عالمی بینک فریم ورک پر جامع عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے اور عالمی بینک 2026سے 2035تک پاکستان کو 40ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ عالمی بینک کی جانب سے 40ارب ڈالر میں سے 20ارب قرض جبکہ 20ارب نجی سرمایہ کاری کی صورت میں دیے جائیں گے، ابتدائی 20ارب ڈالر تعلیم، صحت، صاف توانائی اور ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔وزارت اقتصادی امور نے بتایاکہ عالمی بینک فریم ورک حکومت کے اڑان پاکستان پلان کے مطابق تیار کیا گیا ہے، نجی سرمایہ کاری اور شمولیتی ترقی کو فریم ورک کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ذریعے نجی شعبے میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور عالمی بینک فریم ورک کے تحت 6اہم شعبے ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیے گئے ہیں۔وفاقی وزارت نے بتایا کہ تعلیم، صحت، ماحولیاتی لچک اور مالیاتی نظم و نسق کو بنیادی اہداف میں شامل کیا گیا ہے، عالمی بینک اور شراکت دار اداروں نے پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات