چین میں شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 22 اگست 2025 18:28

چین میں شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں، ترجمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ چین میں شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، چینی ہم منصب وانگ ڑی اور افغان وزیر خارجہ شریک ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ سہ فریقی اجلاس میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی تعاون پر مشاورت ہوئی جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا، سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر بھی بات ہوئی، انہوں نے کہا کہ سہ فریقی اجلاس میں سرحدی سلامتی اور دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل ہوا، وانگ ای کی وزیراعظم شہباز شریف، اسحٰق ڈار اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں چھٹا پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ منعقد ہوا، جس میں سی پیک فیز ٹو سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک نے افغانستان، مشرق وسطیٰ اور دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔