Live Updates

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سات دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی

جمعہ 30 مئی 2025 01:30

دوشنبے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان اور چترال میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں سات دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل، نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی محمد حمید کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعا مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعاکی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ شہیدوں کی وطن کے لیے قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے،انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی انتہائی سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، دہشتگردی کی عفریت کو ہم جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لیے پر عزم ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات