کسان اتحاد رجسٹرڈ کا پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے کا اعلان

مقامی گندم خریدنے کی بجائے، درآمد کرنا کسانوں کا معاشی قتل ہے،صوبائی صدر کسان اتحاد

جمعہ 30 مئی 2025 12:44

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)صوبائی صدر کسان اتحاد رجسٹرڈ کیپٹن(ر)محمد حسین ٹی جے اور صوبائی جنرل سیکریٹری ملک محمد یسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک ارب ڈالر کی گندم درآمد کر رہی ہے جبکہ مقامی کسانوں سے گندم نہ خریدنا معاشی قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے ناقص بیج کی فروخت، گندم کی کم قیمت، اور محکمہ انہار و واپڈا کی زیادتیوں کو بھی کسانوں کے مسائل کی بڑی وجوہات قرار دیا۔

کیپٹن (ر)محمد حسین کا کہنا تھا کہ غیر معیاری چاول، آلو اور مکئی کے بیج کی فروخت سے کسانوں کو شدید نقصان ہوا، جس سے 20فیصد تک فصلیں متاثر ہوئیں۔ مکئی کی فصل میں دانے تک نہیں نکلے، جو ناقابل برداشت معاشی تباہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ناقص بیج کی فروخت روکنے کیلئے قانون بنایا جائے جسکے تحت کم از کم دس سال قید کی سز دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ واپڈا نے 2013-14کی اور بلنگ دوبارہ چالو کر دی ہے، جس سے کسان مزید مالی دبا کا شکار ہو چکے ہیں۔ اوکاڑہ میں اور بلنگ کا آڈٹ چھ ارب چھیاسی کروڑ روپے ظاہر کرتا ہے، جس کا بوجھ کسانوں پر ڈالا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس میں کسان اتحاد رجسٹرڈ نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو عید الاضحی کے فوری بعد پنجاب اسمبلی کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دیا جائے گا۔