Live Updates

،صدرنے چائلڈمیرج ایکٹ پر دستخط کر کے ایک آئینی فریضہ ادا کیااور وہ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہوئے ہیں‘ڈاکٹرشرمیلافاروقی

،ان لاکھوں بچیوں کیلئے کھڑے ہوئے جن کا بچپن، تعلیم اور مستقبل کم عمری کی شادی کے ظالمانہ رواج کے ذریعے چھین لیا جاتا ہے

جمعہ 30 مئی 2025 19:35

!اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء) رکن قومی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 کی صدارتی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ''پاکستان کے قانون سازی کے سفر میں بچوں کے حقوق اور وقار کے تحفظ کی جانب ایک تاریخی سنگ میل'' قرار دیا ہے۔صدر آصف علی زرداری کی جانب سے جمعہ کو اس قانون پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت شادی کے لیے لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کی کم از کم قانونی عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے، کم عمری کی شادیوں کو جرم قرار دیا گیا ہے، اور ایسی شادیوں کو انجام دینے، ان میں سہولت فراہم کرنے یا ان کی معاونت کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں متعارف کرائی گئی ہیں۔

ڈاکٹر فاروقی نے کہا کہ اس قانون پر دستخط کر کے صدر زرداری نے نہ صرف ایک آئینی فریضہ ادا کیا ہے بلکہ وہ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ انصاف کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، ان بے آوازوں کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، ان لاکھوں بچیوں کیلئے کھڑے ہوئے ہیں جن کا بچپن، تعلیم اور مستقبل کم عمری کی شادی کے ظالمانہ رواج کے ذریعے چھین لیا جاتا ہے۔ یہ صرف ایک قانونی کامیابی نہیں بلکہ ایک اخلاقی فتح ہے۔

ڈاکٹر فاروقی نے زور دے کر کہا کہ یہ قانون صرف چند دفعات پر مشتمل نہیں بلکہ یہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے دیرپا وژن کی عکاسی کرتا ہے، جن کی خواتین کے حقوق اور بچوں کے تحفظ کے لیے جدوجہد آج بھی پاکستان کے راستے کو متعین کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکٹ ان کی یاد کے نام منسوب ہے ان اعلیٰ اقدار کو خراج تحسین پیش کیا جو انہوں نے اپنی زندگی میں اپنائیں اور جن کے لیے وہ قربان ہوئیں۔

نئے قانون کے دور رس اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروقی نے کہا کہ یہ قانون بے شمار کم عمر بچوں کو استحصال اور صدمے سے بچانے میں مدد دے گا۔ یہ پاکستان کی ہر بچی کے لیے ایک پیغام ہے کہ تمہارے حقوق اہم ہیں، تمہارا بچپن اہم ہے، اور ریاست تمہارے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے صدر زرداری کی جانب سے مزاحمت کے باوجود ثابت قدمی سے کھڑے رہنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ایسا کر کے پاکستان کے بچوں کے لیے تحفظ اور امید کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔

ڈاکٹر فاروقی نے آخر میں قوم سے اپیل کی کہ وہ اس دن کو ایک نئے دور کے آغاز کے طور پر یاد رکھے۔ انہو ں نے کہا کہ آئیے اس دن کو ایک ایسے دن کے طور پر یاد رکھیں جب اپنے تمام بچوں کے لیے پاکستان نے انصاف، وقار اور مساوات کی جانب ایک قدم بڑھایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات