یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں بی ایس نرسنگ کے نئے نصاب ’’کمپاس‘‘کی افتتاحی تقریب

جمعہ 30 مئی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزلاہور میں بی ایس نرسنگ کے نئے نصاب ’’کمپاس‘‘کی افتتاحی تقریب کاانعقادکیاگیا جس میں صوبہ بھر کے نرسنگ کالجوں کے پرنسپلزنے شرکت کی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر محکمہ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، پرنسپل سمز پروفیسر زوہرہ خانم، رجسٹرار یو ایچ ایس کرن فاطمہ، ڈاکٹر زاہد پرویز اور ڈی جی نرسنگ بھی تقریب میں موجودتھے،نیا نصاب رواں سال سے پنجاب کے تمام نرسنگ کالجز میں نافذ العمل ہوگا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محکمہ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ نرسز ہماری فرنٹ لائن ہیروز اور نیا نصاب وقت کی اہم ضرورت ہے،نئے نصاب میں200 سے زائد کلینیکل مہارتیں، ہنگامی تربیت اور کلچرل سینسٹیویٹیز شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام کالجز میں نصاب کے نفاذ کیلئے یو ایچ ایس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ’’کمپاس‘‘ صرف نصاب نہیں، ویژنری تبدیلی ہے،تعلیم کے ذریعے شعبہ نرسنگ کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز کے وژن کے مطابق شعبہ نرسنگ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہے ہیں،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے حال ہی میں تین ہزارنرسوں کو بھرتی کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت کے خلاف بڑی عزت سے نوازا ہے،کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھورنے کہاکہ نیا نصاب نرسنگ تعلیم میں انقلابی پیش رفت ثابت ہوگا، "کمپاس" نصاب نرسنگ تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کی کوشش ہے، بلاک ماڈل، کلینیکل ٹریننگ اور ہمدردی پر مبنی نصاب نرسز کواچھا پروفیشنل اور لیڈر بنائے گا۔انہوں نے کہاکہ نرسنگ طلبہ صرف گریجویٹ نہیں، باصلاحیت ہیلتھ پروفیشنلز ہوں گے،ڈیمونٹ مورنسی کالج آف ڈینٹسٹری کو یو ایچ ایس کا جزو کالج بنا دیا گیا ہے۔

پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہاکہ پنجاب حکومت کا یہ قدم ڈینٹل ایجوکیشن کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔وی سی یو ایچ ایس نے کہاکہ نرسنگ کالجز کے معیار کو یقینی بنانا ہے تو جنرل یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق کو ختم کروانا ہوگا۔یو ایچ ایس میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر لامیہ یوسف نے نئے کریکلم کے خدو خال پیش کیے۔ڈاکٹر لامیہ یوسف نے کہاکہ نیا نصاب بلاک بیسڈ ہے، طلبہ تین دن کلاس روم اور تین دن ہسپتال میں پڑھیں گے،بی ایس نرسنگ کے کریڈٹ آورز بھی بڑھا کر 54 کردیئے گئے ہیں۔تقریب سے پروفیسر ثمینہ کوثر اور پروفیسر سمیرا احسان نے بھی خطاب کیا۔