منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیر انتظام اجتماعی قربانی مہم کے انتظامات مکمل

جمعہ 30 مئی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیر انتظام اجتماعی قربانی مہم کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ گزشتہ روزناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے راہنماوں کے ہمراہ مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن انجینئر ثنااللہ نے قربانی کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ عید الاضحی کے تینوں روزجدید سلاٹر ہائوس میں ماہر قصابوں اور علما کی نگرانی میں شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کی جائے گی ۔

قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر لائحہ عمل تیار کر کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ حفظان صحت اور شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کیلئے جدید سلاٹر ہاوس کا انتخاب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گاڑیوں کی بکنگ، قربان گاہ کی تیاری اور گوشت کی تقسیم کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔قربانی کے گوشت کو محفوظ بنانے اور دور دراز علاقوں تک پہنچانے کیلئے بڑی تعداد میں چلرز کا انتظام کیا جائے گا۔

شدید گرم موسم میں گوشت کو محفوظ بنانے کیلئے اجتماعی قربانی کے حصہ جات اور مستحقین تک گوشت پیکنگ میٹریل سے تیار کردہ تھرما پول ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ پیک کر کے پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سینکڑوں جانور اللہ کی راہ میں قربان کیے جائیں گے۔ تحریک منہاج القرآن پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب شب و روز دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک ایک نیکی نامہ اعمال میں درج کی جاتی ہے۔ قربانی جہاں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے وہیں یہ عمل معاشرے کے محروم طبقات کی داد رسی کا ذریعہ بھی ہے، قربانی کے گوشت سے لے کر جانور کی کھال تک غریبوں کے لیے خوشی اور سہارا ہے، منہاج ویلفیئر فاونڈیشن ہر سال عید قربان پر غریب مفلس اور محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کر کے عظیم فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے سینکڑوں رضا کار عید کے تینوں یوم خدمت انجام دیں گے۔ ناظم اعلی خرم نواز گنڈا پور نے اجتماعی قربانی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید ہدایات دیں۔وفد میں نوراللہ صدیقی، عبدالرحمن ملک، فرحان جاوید، شفقت ندیم اورنگزیب خان شامل تھے۔