Live Updates

سرینگر اور دیگر اضلاع میں گھروں پر چھاپے، قیمتی گھریلواشیاءکی توڑ پھوڑ

ہفتہ 31 مئی 2025 01:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ایجنسیوں اور فورسز اہلکاروں نے مختلف اضلاع میں گھروں پر چھاپے مارے، مکینوں کو ہراساں کیا اور قیمتی گھریلواشیاءکی توڑ پھوڑ کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی کے زیر کنٹرول کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر(سی آئی کے) کی ٹیموں نے پیرا ملٹری اہلکاروں کے ہمراہ سری نگر، بڈگام، پلوامہ، کپواڑہ اور شوپیاں اضلاع میں چھاپے مارے۔

چھاپوں کے دوران جائیداد کی دستاویزات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ قبضے میں لے لیے۔مودی حکومت نے امرناتھ یاترا کی آڑ میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں پیرا ملٹری کی 581 اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ سالانہ امرناتھ یاترا 3جولائی سے شروع ہوگی اور 9اگست تک جاری رہیگی ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ علاقے میں پہلے سے تعینات 10لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔

دریں اثنا بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے کے موقع پر جموں اور پونچھ اضلاع میں پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں۔ فورسز کے مزید دستے تعینات کیے گئے، گاڑیوں ، مسافسروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی گئی۔ امیت شاہ گزشتہ شام جموں پہنچے ۔ آج انہوں نے پونچھ کا دورہ کیا۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں سینکڑوں سرکاری ٹھیکیدار گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جو علاقے کو درپیش شدید مالیاتی بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔

جموں و کشمیر کنٹریکٹرز کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین غلام جیلانی نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے ٹھیکیدار سخت مشکلات سے دوچار ہیں ، انتظامیہ عید الاضحی سے قبل انکے واجبات ادا کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کشمیر کے حوالے سے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیاہے ، جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سید عاصم منیر کا یہ اعلان کہ” کشمیر پر کوئی سودا ممکن نہیں اور ہم اسے کبھی نہیں بھولیں گے“نہ صرف آزادی پسند کشمیریوں کیلئے اعتماد و حوصلے کا باعث ہے بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیریوں کےساتھ کھڑا رہے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات