Live Updates

ہارون اختر خان کی زیرصدارت سرمایہ کاری کی واپسی اور تحفظ سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹیوں کے اجلاس

ہفتہ 31 مئی 2025 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) وزیر اعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،پائیدار سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کار وں کو پاکستان میں تحفظ کا احساس ہو۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ہارون اختر خان نے سرمایہ کاری کی واپسی اور سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق وزیر اعظم کی دو اہم کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کا مقصد پاکستان کے سرمایہ کاری دوست ایجنڈے کا فروغ ہے۔ اجلاسوں میں کلیدی سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جن میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)، سٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ، بورڈ آف انویسٹمنٹ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ریمیٹ اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران مینوفیکچرنگ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی واپسی کو آسان بنانے کے لیے پالیسی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اراکین نے سرمایہ کاری کی محفوظ واپسی کے حوالے سے جامع مشاورت کی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور ان کے اعتماد میں اضافے کے لیے متعدد قانونی اور پالیسی ترامیم پیش کیں۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے تحت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کاروبار دوست ماحول بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کار پاکستان میں محفوظ اور معاون محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اجلاسوں کے نتائج کو حتمی شکل دے کر وزیر اعظم کے سامنے مزید پالیسی اقدامات کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار ملک میں ایک مستحکم اور پرکشش سرمایہ کاری کا ماحول قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات