Live Updates

ٹیرف پر مذاکرات کیلئے پاکستانی حکام آئندہ ہفتے ڈیل کیلئے امریکہ آئیں گے، ٹرمپ

دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف کے معاملات پر مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگا ، پاکستانی حکام ٹیرف پرڈیل کرنے امریکہ آرہے ہیں، امریکی صدر کی پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 31 مئی 2025 11:12

ٹیرف پر مذاکرات کیلئے پاکستانی حکام آئندہ ہفتے ڈیل کیلئے امریکہ آئیں ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 مئی 2025)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹیرف پر مذاکرات کیلئے پاکستانی حکام آئندہ ہفتے ڈیل کیلئے امریکہ آئیں گے، دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف کے معاملات پر مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ دوطرفہ ٹیرف پرمذاکرات کئے جائیں گے۔

پاکستانی حکام ٹیرف پرڈیل کرنے امریکہ آرہے ہیں ۔ امریکہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے کے قریب ہے مگر ساتھ ہی پاکستان کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ جاری رہتی تو انہیں دونوں ممالک سے تجارتی معاہدے کی کوئی دلچسپی نہ ہوتی۔امریکی صدرٹرمپ نے محصولات (ٹیرف) کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی حکومت نے عالمی سطح پر نئے ٹیرف نافذ کئے ہیں جن کا اثر پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک پر پڑا ہے۔

(جاری ہے)

گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ غیر ملکی طالب علموں کو فی الحال امریکا سے نہیں نکال رہے۔ہارورڈ یونیورسٹی کے ساتھ لڑائی کے باوجود چاہتا ہوں غیر ملکی طلبا یہاں تعلیم حاصل کریں۔بتایاگیا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت اسلام آباد سے اعلیٰ سطح کا وفد آئندہ ہفتے امریکہ روانہ ہوگا تاکہ دو طرفہ تجارتی تعلقات پر مذاکرات کئے جا سکیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزوزارت خزانہ نے بتایا تھا کہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر کے درمیان بات چیت ہوئی تھی جس میں تعمیری ماحول میں نقطہ نظر کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ پاکستان نے امریکا کو تجویز دی ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تجارتی شعبوں پر زیرو ٹیرف کے تحت معاہدہ کریں۔وزارت خزانہ کی جانب سے کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ دونوں فریقین نے آئندہ چند ہفتے میں تکنیکی سطح پر تفصیلی مذاکرات پراتفاق کیا ہے اور فریقین نے مذاکرات کو جلدازجلد کامیابی سے مکمل کئے جانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کو وسعت دینا تھا جبکہ تجویز امریکی صدر کے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے جواب میں دی گئی تھی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات