Live Updates

یونیورسٹی آف ساہیوال میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

ہفتہ 31 مئی 2025 15:20

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) یونیورسٹی آف ساہیوال میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے چار ہفتوں پر محیط پہلی تربیتی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔یہ ورکشاپ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل آؤٹ ریچ پلان فار ہائر ایجوکیشن فیکلٹی کے تحت منعقد کی گئی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر تھے جبکہ کوہسار یونیورسٹی مری کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید حبیب بخاری نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔

تقریب میں تعلیمی و انتظامی سربراہان، فیکلٹی ممبران اور دیگر معزز شرکاء نے شرکت کی۔اس موقع پرتربیت مکمل کرنے والے 28 اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کو نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی جانب سے سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

(جاری ہے)

یہ تربیتی ورکشاپ 5 مئی سے 30 مئی 2025 تک جاری رہی اور اس کی میزبانی اور انتظامات ٹریننگ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد ایوب نے انجام دیے۔

ورکشاپ میں شرکاء نے 9 تعلیمی ماڈیولز میں شرکت کی جنہیں پاکستان کی ممتاز جامعات سے تعلق رکھنے والے ماہر اور تجربہ کار ریسورس پرسنز نے پڑھایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے تربیتی ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس کے تعلیمی و تدریسی نظام پر مثبت اثرات کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء کو ان کی لگن اور سیکھنے کے جذبے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس اقدام کو فیکلٹی کی ترقی کے لیے ایک مثالی قدم قرار دیا۔

ڈاکٹر محمد ایوب نے اپنے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، تمام ریسورس پرسنز، مہمان مقررین، شرکاء اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سب کی بھرپور معاونت اور فعال شرکت نے اسے کامیاب بنایا ہے۔انہوں نےتوقع ظاہر کی کہ اس ورکشاپ کے انعقاد سے نہ صرف یونیورسٹی آف ساہیوال بلکہ پورے ملک میں تدریس، تحقیق اور علمی ترویج کو فروغ حاصل ہو گا۔\378
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات