Live Updates

مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اصل انسانی خدمت ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 8 ستمبر 2025 17:55

مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب  متاثرین    کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اصل انسانی ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث سیالکوٹ کے مختلف علاقوں اور پورے ملک میں ہونے والی تباہی پر دل بہت رنجیدہ ہے ، مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اصل انسانی خدمت ہے ۔ انہوں نے نے عوامی ڈیرہ کوبے چک شیڈ ٹرسٹ کے زیر انتظام سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیڈز ٹرسٹ ہمیشہ اہلیان سیالکوٹ کے دکھ درد میں شریک رہا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اصل انسانی خدمت ہے اور یہی وہ تعلیم ہے جو ہمیں آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی امت کو دی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جشن عید میلاد النبیﷺ پر اہل اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرمﷺ نے ہمیشہ ہمدردی، اخوت، بھائی چارے اور احترامِ انسانیت کا درس دیا اور آج اسی پیغام کو دہرانے اور اس پر عمل کرنے کے لیے یہ محفل سجائی گئی ہے۔ہم سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر سنتِ رسولﷺ کو ادا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر اپنے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ بانٹیں، انہیں سہارا دیں اور ان کے دوبارہ خوشحال مستقبل کے لئے عملی اقدامات کریں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے دوران پاک فوج نے جس بہادری، قربانی اور حکمتِ عملی کے ساتھ ریسکیو آپریشن سرانجام دیا وہ واقعی قابلِ تحسین ہے۔ بروقت اور جرات مندانہ اقدامات کی بدولت بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی شاندار خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کی اس خوبصورت تقریب میں وہ اپنے فوجی بھائیوں کی جرات و بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے 1965ء کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ پاکستانی سپاہیوں نے میدانِ جنگ میں ایسی بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا کہ دشمن آج تک اس کو فراموش نہیں کر سکا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پاکستان بحریہ کے تاریخی کارناموں کو یاد کرنے کا دن بھی ہے۔

آپریشن دوارکا بحریہ پاکستان کے سنہری کارناموں میں سے ایک ہے جس نے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستان کی افواج صرف بری محاذ پر ہی نہیں بلکہ سمندر کی گہرائیوں اور فضاؤں کی بلندیوں پر بھی دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں اور بہادری کے واقعات دنیا بھر میں گونجتے ہیں۔

ابھی چند ماہ قبل معرکہ حق یعنی آپریشن بنیان مرصوص میں ایک بار پھر پاک فوج کے شاہینوں نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی سربراہی میں دشمن کو شکست دی اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے سپاہی ہر وقت وطن کے دفاع کے لیے جان نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپنے فوجی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہمیشہ ان کے لئے باعثِ اعزاز رہا ہے کیونکہ وطن سے محبت، ملکی سلامتی اور عوامی خدمت ہی ان کا نصب العین ہے۔

یہی شیڈز ٹرسٹ کا مشن اور سیاسی منشور ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود، قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کو سب سے مقدم رکھا جائے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم سب کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم حضور اکرم ﷺکے بتائے ہوئے انسانیت کے درس پر عمل کریں اور اپنی قومی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے وطن اور عوام کا سہارا بنیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات