عبدالعلیم خان کی ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر پوری قوم کی طرف سے مبارکباد

ہفتہ 31 مئی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے ارشد ندیم کے جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر پوری قوم کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمد اللہ! ایک مرتبہ پھر سارے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہوئے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو عبدالعلیم خان نے ایکس پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ارشد ندیم جیسے نوجوان ہمارا سرمایہ افتخار اور نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن پاکستان کے لئے اعزاز کا باعث بنی جس میں بھارتی کھلاڑی کو ہرانا پاکستان کے لئے دوہری خوشی ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیسہ پلائی ہوئی قوم کے فرزند ارشد ندیم نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے سونے کا تمغہ جیتا، آہنی عزم، ہنر مندی اور مضبوط ارادے ہی چیمپئن بناتے ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ شاباش نوجوان! پوری قوم کو آپ پر ناز ہے۔