Live Updates

انصاراللہ خلجی ڈائریکٹر جنرل اطلاعات خیبر پختونخوا تعینات

ہفتہ 31 مئی 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) خیبر پختونخوا حکومت نے سینئر افسر محمد انصاراللہ خلجی کو ڈائریکٹر جنرل اطلاعات مقرر کر دیا ۔ اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انصاراللہ خلجی محکمہ اطلاعات کے ایک سینئر اور تجربہ کار افسر ہیں، جنہوں نے نہ صرف محکمہ اطلاعات بلکہ قومی و بین الاقوامی اداروں میں بھی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔

وہ پشاور یونیورسٹی سے جرنلزم میں امتیازی حیثیت سے فارغ التحصیل ہیں اور کئی برسوں تک انگریزی صحافت سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ انصار خلجی اردو، پشتو اور انگریزی زبانوں میں یکساں مہارت رکھتے ہیں اور ان کے ہزاروں مضامین ملک کے نمایاں اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شمولیت اختیار کی تھی اور صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

(جاری ہے)

خلجی نے عالمی بینک، یونیسف، یو ایس ایڈ جیسے اداروں میں بطور کمیونی کیشن کنسلٹنٹ خدمات انجام دیں۔ وہ محکمہ اطلاعات کے پہلے افسر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی بہترین کارکردگی سے ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے چین، امریکہ اور افریقہ کے ممتاز اداروں سے مختلف کورسز بھی کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔ نو تعینات ڈائریکٹر جنرل اطلاعات اس سے قبل صوبائی پریس رجسٹرار کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

وہ دو مرتبہ پختونخوا ریڈیو پشاور کے اسٹیشن ڈائریکٹر اور محکمہ اطلاعات میں ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سمیت متعدد کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔انصاراللہ خلجی پشتو زبان کے معروف صاحب دیوان شاعر بھی ہیں۔ ان کی غیر مطبوعہ کتب میں ''کورونا میں محکمہ اطلاعات کا کردار'' اور ایک شعری مجموعہ شامل ہیں، جبکہ ''محکمہ اطلاعات اور دور جدید کے تقاضے'' کے عنوان سے ان کی ایک اور کتاب تکمیل کے مراحل میں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات