ٹ*بلوچستان کے علاقے سوراب میں دہشتگردانہ حملہ،مرکزی مسلم لیگ کی مذمت

ڑ*خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت نہیں حیوانیت ہے،خالد مسعود سندھو

ہفتہ 31 مئی 2025 20:35

پ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2025ء) مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بلوچستان کے شہر سورا ب میں بینک، معصوم شہریوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پر ہونے والے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم و نہتے شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز اور قابلِ نفرت عمل ہے۔

خالد مسعود سندھو نے دہشتگردوں سے نبرد آزما ہو کر جامِ شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صبر و حوصلے کی دعا کی اور کہا کہ شہید بلیدی نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں دہشت گردوں کا حملہ نہ صرف عوام دشمنی کا مظہر ہے بلکہ بلوچستان کی ترقی و استحکام کے خلاف مذموم سازش ہے۔ خالد مسعود سندھو نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مادرِ وطن میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف پاکستانی قوم متحد ہے،قائداعظم کے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے مرکزی مسلم لیگ کردار ادا کرتی رہے گی۔