بھارتی فوج کیطرف سے طیاروں کی تباہی کا اعتراف ، مودی حکومت مزید مشکل صورتحال سے دوچار

اتوار 1 جون 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) بھارتی فوج نے آخر کار اعتراف کر لیا ہے کہ اس کے جیٹ طیارے پاکستان نے مار گرائے ہیں لیکن مزید شرمندگی اور عالمی سطح پر رسوائی سے بچنے کے لیے تباہ شدہ طیاروں کی تعداد نہیں بتائی۔فوج کے اس اعتراف نے ہٹ دھرم مودی حکومت کو مزید مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شکست خوردہ فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے گزشتہ روز سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ میں شرکت کے دوران بلومبرگ ٹی وی کو ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ بھارت کے کچھ طیارے تباہ ہوئے۔

انیل چوہان کے مبہم اعتراف نے تنازعہ کے دوران پاکستان کے فضائی تسلط کی تصدیق کی۔ چوہان نے گوکہ طیاروںکی تباہی کا اعتراف کیا لیکن مزید شرمندگی سے بچنے کیلئے گرائے جانے والے طیاروںکی تعدادنہیں بتائی۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے گوکہ طیاروں کی تباہی تسلیم کی لیکن ہٹ دھرم مودی حکومت نے اس حوالے سے تاحال چپ سادھ رکھی ہے اور وہ اپنی چرب زبانی ، بے سروپا بیانات اور جارحانہ تقاریر کے ذریعے بھارتیوںکو گمراہ کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔

بی جے پی حکومت اپنی ساکھ بچانے کیلئے قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔بزدل مودی حکومت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کر کے بچوں اور خواتین سمیت شہریوں کی شہید کیا۔ شہید ہونے والے بچوں، خواتین اور عام شہریوں کی وڈیوز بی بی سی، سی این این، الجزیرہ اور دیگر چینلوں نے دکھائیں۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں ایک بھر پور اور انتہائی کامیاب وار کیا اور صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

پاکستان کی بھر پور کارروائی سے مودی حکومت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اوروہ اپنی ساکھ بحال کرنے کے لئے ہاتھ پاو ¿ں مار رہی ہے۔بھارت کے لئے ایک ہی راستہ ہے کہ وہ اپنی برتری کے خبط سے نکل آئے اور اپنی شکست کو تسلیم کرے، نریندر مودی اپنی گیدڑ بھبھکیوں سے پاکستان کو ہرگز خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ بھارتی فوج کی طرف سے پاکستان کے ساتھ جنگ میں طیاروں کی تباہی کے اعتراف نے مودی حکومت کو اب مزید مشکل اور پیچیدہ صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔