Live Updates

مریم نوازشریف کا اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ سے ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن افضال بھٹی کی ملاقات ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ،امور بارے تفصیلی بریفنگ

پیر 2 جون 2025 14:10

مریم نوازشریف کا اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن افضال بھٹی نے ملاقات کی جس میں افضال بھٹی نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات میں افضال بھٹی نے او پی ایس ہائوسنگ سوسائٹی اور سکول کے معاملات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو فعال اور متحرک بنانے کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا، افضال بھٹی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے تمام سرکاری محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی، وزیراعلی آفس، چیف سیکرٹری آفس اور آئی جی آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانیز وطن عزیز کا سرمایہ ہیں، حکومت پنجاب کے فوکل پرسن، بیرون ملک مقیم بھائیوں کے معاملات اور مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فانڈیشن افضال بھٹی کا کہنا تھا کہ تمام اوورسیز پاکستانیز حکومت اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پوری دنیا میں اوورسیز پاکستانیوں نے بھارت کے خلاف جنگ میں شاندار فتح پر جشن منایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات