Live Updates

ابھی بھی عمران خان کے ذہن میں ہے کہ وہ کسی بھی طاقت کو ملیامیٹ کرسکتے ہیں

بانی جو بھی سمجھیں لیکن زمینی حقائق ان کا ساتھ نہیں دے رہے، آصف زرداری کے مطابق جیل سواسال کے بعد شروع ہوتی ہے اور جیل اب شروع ہوچکی ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 4 جون 2025 22:36

ابھی بھی عمران خان کے ذہن میں ہے کہ وہ کسی بھی طاقت کو ملیامیٹ کرسکتے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جون 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ذہن میں ابھی بھی ہے کہ وہ کسی بھی طاقت کو ملیامیٹ کرسکتے ہیں، بانی جو بھی سمجھیں لیکن زمینی حقائق ان کا ساتھ نہیں دے رہے ۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ پاور تو پاور سے بات کرتی ہے، اصولی طور پر جب دو طاقتیں آمنے سامنے ہوں تو مذاکرات ہوتے ہیں، جب سے عمران خان حکومت سے نکلے ہیں، پی ٹی آئی کو لگتا ہے کہ ان کے پاس بہت بڑی طاقت ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذہن میں ابھی تک یہی ہے کہ ان کے پاس اتنی طاقت ہے کہ وہ کسی بھی طاقت کو ملیامیٹ کرسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی جو بھی سمجھیں لیکن زمینی حقائق ان کا ساتھ نہیں دے رہے، بانی پی ٹی آئی اب راستے بند ہوتے دیکھ کر ڈپریشن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کے مطابق جیل سواسال کے بعد شروع ہوتی ہے، اور بانی پی ٹی آئی کی جیل اب شروع ہوچکی ہے ،سمجھ نہیں آتا کہ کون سے کارڈز ہیں ان کے پاس؟ دھوپ میں پڑی برف کی طرح عمران خان کی پارٹی اور قوت تحلیل ہوچکی ہے، اب ان کے نزدیک میرجعفر میر صادق کی بجائے یزید اور فرعون ہوگئے ہیں۔اب جب راستے بند ہوتے دیکھ رہے ہیں تو بیانیہ بنا رہے کہ میں جیل کے اندر انقلاب برپا کرسکتا ہوں۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان سے کہا جا رہا ہے کہ حکومت کو قبول کریں اور 9 مئی واقعات پر معافی مانگیں، جب بھی احتجاج کی کال آتی ہے تو عمران خان کی رہائی کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے عمران خان کے پارٹی کا پیٹرن ان چیف بننے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے کہا تھا وہ بطور چیئرمین احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گے لیکن انہیں بتایا گیا کہ بطور چیئرمین آپ لیڈ نہیں کر سکتے کیونکہ ٹیکنیکل مسئلہ ہے تو انہوں نے کہا کہ پھر میں پیٹرن ان چیف بن جاتا ہوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات