Live Updates

بھارت کا پاکستان کیخلاف حالیہ بیانیہ انتہائی غیرذمہ دارانہ اور خطے کیلئے خطرناک ہے

بھارت کی پاکستان کو آبی وسائل سے محروم کرنے کی دھمکیاں نا قابل قبول ہیں، معرکہ حق کے بعد آبی وسائل کے تحفظ میں بھی بھارت کو شکست دیں گے،وفاق اور صوبے مل کر آبی وسائل کو محفوظ بنائیں گے، وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 4 جون 2025 22:12

بھارت کا پاکستان کیخلاف حالیہ بیانیہ انتہائی غیرذمہ دارانہ اور خطے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جون 2025ء ) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کا پاکستان کیخلاف حالیہ بیانیہ انتہائی غیرذمہ دارانہ اور خطے کیلئے خطرناک ہے، بھارت کی پاکستان کو آبی وسائل سے محروم کرنے کی دھمکیاں نا قابل قبول ہیں، معرکہ حق کے بعد آبی وسائل کے تحفظ میں بھی بھارت کو شکست دیں گے،وفاق اور صوبے مل کر آبی وسائل کو محفوظ بنائیں گے۔

میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت بجٹ اہداف کی منظوری کیلئے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں قومی اقتصادی کونسل کے 6نکاتی ایجنڈے کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔ اجلاس میں 2024-25 میں معیشت کی کارکردگی اور نظرثانی شدہ اشاریے پیش کئے گئے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان ، پی ایس ڈی پی اور میکرواکنامک اہداف پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں معاشی شرح نمو، زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو 10 مئی کے معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخ ساز فتح پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کی بدولت معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح سے نوازا، بھارت کا پاکستان کے خلاف حالیہ بیانیہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے جس سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

پاکستانی عوام ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے بھارت کے خلاف مکمل طور پر یکجا ہیں۔ بھارت کی پاکستان کو آبی وسائل سے محروم کرنے کی دھمکیاں نا قابل قبول ہیں۔ ہم معرکہ حق کے بعد آبی وسائل کے تحفظ کی جد وجہد میں بھی انشاء اللہ بھارت کو شکست دیں گے۔ تمام وزراء اعلیٰ کے ساتھ خصوصی اجلاس میں بھارتی جارحیت کے تناظر میں پاکستان کے آبی وسائل کے تحفظ کے لیے مضبوط حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔

وفاق اور صوبے مل کر پاکستان کے آبی وسائل کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوں گے، حالیہ معاشی استحکام وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا۔ ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، زرعی شعبہ زرمبادلہ اور شرح نمو میں اضافے کیلئے کردار ادا کرتا ہے، زرعی پیداوار میں بتدریج اضافے کیلئے حکمت عملی تشکیل دی جارہی ہے۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات