Live Updates

نریندر مودی بی جے پی لیڈروں پر ریپ کے الزمات پر خاموش کیوں ہے، کانگریس کا سوال

پیر 2 جون 2025 22:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے "بیٹی بچائو، بیٹی پڑھائو" کا نعرہ لگانے والے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیاہے کہ انہوں نے بی جے پی کے لیڈروں پر ریپ کے الزامات پرمجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے ؟ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے متعدد واقعات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی ایم ایل اے راج کشور کیسری پر 2010میں ریپ کے الزامات لگے تھے اور اس وقت نریندر مودی نے گجرات کے وزیراعلیٰ کے طورپر ان کا دفاع کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے سابق اسپورٹس منسٹر سندیپ سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایاگیاتھا، لیکن بی جے پی نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شمع محمد نے مزیدکہاکہ بی جے پی نے اولمپک میڈلسٹ کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے برج بھوشن سنگھ کو بھی کارروائی سے بچایا۔انہوں نے زور دیا کہ جنسی ہراسانی میں ملوث بی جے پی لیڈران کا تحفظ کر کے مودی حکومت ملک کی بیٹیوں کو کیا پیغام دے رہی ہے۔

ڈاکٹر شمع نے کہاکہ مودی جی کا پیغام واضح ہے کہ ریپسٹ پارلیمنٹ کے اندر اور متاثرین جیل کے اندر بھیجے جائیں گے۔انہوں نے عوام کو یاد دلایا کہ کیسے بلقیس بانو کے ریپسٹ کو رہائی پر مالا پہنائی گئی اور الیکشن مہم میں تقریر کے لیے بھی خصوصی طورپر انہیں بلایا گیا۔ منی پور کے حوالے سے ڈاکٹر شمع محمد نے کہا کہ جب عورتوں کے ریپ ہوئے تو ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی اور جب گورنر نے شکایت کی تو اسی کو نکال دیا گیا۔ انہوں نے بہار میں ہونے والے واقعات پر بھی نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات