
پاکستان: ٹھٹھہ کی فرح نے نکالا خواتین و لڑکیوں کی حیضی صحت کے مسئلے کا حل
یو این
پیر 2 جون 2025
23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 02 جون 2025ء) پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایک گاؤں کے چھوٹے سے گھر میں فرح بی بی سلائی مشین پر روئی کو کپڑے میں لپیٹ کر سینیٹری نیپکن (پیڈ) تیار کرتی ہیں۔ ایک ایسے علاقے میں ان یہ کام بہت غیرمعمولی کہا جا سکتا ہے جہاں لفظ 'ماہواری' بھی کھلے عام نہیں بولا جاتا۔
وہ روئی کی چند تہوں کو کاٹن کے کپڑے میں لپیٹ کر اسے پیڈ کی شکل میں سی دیتی ہیں۔
ناصرف ان کے گاؤں بلکہ ارد گرد کے دیہات کی سیکڑوں خواتین اور لڑکیاں ان کی گاہک ہیں جنہیں وہ یہ پیڈ بازار سے نصف قیمت پر فروخت کرتی ہیں۔ ان کا تیار کردہ پیڈ صحت کے لیے محفوظ ہونے کے ساتھ مضبوط بھی ہوتا ہے جسے چھ ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔فرح کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں واقع میرپور سکرو گاؤں سے ہے۔
(جاری ہے)
انہیں یہ پیڈ تیار کرنے کا خیال اس وقت آیا جب وہ کالج میں پڑھتی تھیں۔
ایام ماہواری میں سفید یونیفارم پہن کر ویگن پر طویل سفر کر کے کالج آنا جانا ان کے لیے نہایت مشکل ہوتا تھا۔ چونکہ بازار سے ملنے والے پیڈ مہنگے ہوتے ہیں اور انہیں استعمال کرنے سے کپڑوں پر داغ لگنے کا خطرہ برقرار رہتا ہے اس لیے ان کے علاقے میں بہت سے لڑکیاں ان ایام میں سکول سے غیرحاضر رہتی تھیں۔
فرح نے اپنے اور اپنی بہنوں کے لیے پیڈ تیار کر کے اس کے مسئلے کا حل نکالا تو ان کی دوستوں اور ہمسایہ خواتین نے بھی ان سے ایسے ہی پیڈ بنا کر دینے کی فرمائش کی۔ فرح کی اختراعی سوچ کی بدولت ان کے بنائے پیڈ کی مانگ بڑھتی گئی اور اس اختراع نے پورے علاقے میں خواتین اور لڑکیوں کی زندگی آسان کر دی۔
صحت و صفائی اور جسمانی تحفظ
فرح کو اس کام میں اپنے بھائی کی مدد بھی حاصل ہے۔
وہ پیڈ تیار کرنے کے لیے پہلے روئی کی چند تہیں بناتی ہیں اور ان کے ساتھ واٹر پروف شیٹ رکھ کر اسے کاٹن کے کپڑے میں عمدگی سے سی دیتی ہیں۔ ان کا بنایا پیڈ بازار میں دستیاب ایسی اشیا کے مقابلے میں ماحول دوست بھی ہے۔فرح بی بی کی اس ایجاد کا شہرہ سن کر ایک لیڈی ہیلتھ ورکر ان کے علاقے میں آئیں اور اس کام کو مزید پھیلانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

سماجی بہبود کے لیے کام کرنے والے چند مقامی گروہوں کی مدد سے اور بعدازاں جنسی و تولیدی صحت کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایف پی اے) کی تربیت اور رہنمائی کے ذریعے فرح کو اس کام میں صحت و صفائی اور تحفظ کے اعلیٰ معیار تک پہنچنے میں مدد ملی۔
انہوں نے خود کو پیڈ تیار کرنے تک ہی محدود نہیں رکھا بلکہ خواتین کو ایام ماہواری میں صحت و صفائی، تولیدی حقوق اور محفوظ زچگی کے بارے میں بھی آگاہی دینے لگی ہیں۔
دقیانوسی تصورات کا توڑ
فرح بی بی کا شمار ایسی بہت سی خواتین میں ہوتا ہے جو 'یو این ایف پی اے' کے زیراہتمام ٹھٹھہ میں خواتین اور لڑکیوں کی تولیدی صحت و بہبود کو فروغ دینے کے پروگرام کے ذریعے بااختیار بنی ہیں۔ اس کام میں غیرسرکاری ادارے 'ریکٹ پاکستان' نے بھی تعاون کیا ہے۔
'یو این ایف پی اے' کے اس پروگرام کا مقصد پاکستان کے دیہی علاقوں میں ماہواری، تولیدی صحت اور زچگی کے ایسے مسائل پر قابو پانا ہے جو سماجی رکاوٹوں سے جنم لیتے ہیں۔
اس اقدام کی بدولت آگاہی پھیلانے اور زندگیوں کو تبدیل کرنے میں مدد مل رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں ایسے موضوعات پر آگاہی دینا تو درکنار بات بھی کم ہی کی جاتی ہے۔ پروگرام کے ذریعے طبی کارکنوں کو خواتین اور لڑکیوں کو ایام ماہواری میں صحت و صفائی برقرار رکھنے، انفیکشن سے بچاؤ، حمل کی پیچیدگیوں کو سمجھنے اور ان کی روک تھام، خاندانی منصوبہ بندی اور ایسے بہت سے مسائل پر آگاہی دینا سکھایا جاتا ہے۔

ایسی کوششیں محض طبی مراکز تک ہی محدود نہیں بلکہ گھروں، سکولوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی یہ کام کیا جاتا ہے۔
فرح بی بی تعلیم، اختراع اور مدد کے ملاپ سے زندگیوں میں آنے والی بہتری کی مثال بن گئی ہیں۔ ایسے معاشرے میں ان کی آواز اور ان کے بنائے پیڈ دقیانوسی تصورات کو توڑ رہے ہیں جہاں خواتین اور لڑکیوں سے ان کے اپنے جسم کے بارے میں خاموشی اختیار کرنے کی توقع رکھی جاتی ہے۔ ان کی داستان اس بات کی یاد دہانی ہے کہ وقار آگاہی سے شروع ہوتا ہے اور تبدیلی گھر سے آتی ہے۔

مزید اہم خبریں
-
تین ان پھٹے بم دریافت، کولون شہر کا بڑا علاقہ خالی
-
سیالکوٹ الیکشن، پی ٹی آئی کا ووٹ شیئر35 سے کم ہوکر29 فیصد ہوگیا، ووٹر ٹرن آﺅٹ45 فیصد رہا
-
سپریم کورٹ :پی آئی اے ملازم کی برطرفی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب
-
صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس
-
ایک گھر میں 2 بجلی کے میٹر نہ لگانے کا فیصلہ مسترد ،اس کیخلاف تحریک مزید تیز کی جائے گی‘ضیاء الدین انصاری
-
دہشت گردی کے ہر فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پوری قوم متحد ہے‘ مریم نواز شریف
-
فلسطین اور کشمیر میں لا کھوں معصوم بچے اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کا شکار ہیں‘ مریم نوازشریف
-
وزیراعظم شہباز شریف کی (کل)سعودی عرب روانگی متوقع
-
مستقبل میں جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے ‘ آصف علی زرداری
-
چیف الیکشن کمشنر کی تقرری:شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر عمرایوب کو ملاقات کے لیے مدعو کرلیا
-
این ایچ اے نے مختلف ہائی ویز اور انٹرچینجز کے لیے نان ایم ٹیگ گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد اضافہ کردیا
-
ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ اخراجات بل کو’ ’گھناﺅنی حرکت“ قراردے دیا
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.