Live Updates

جیل سے قیدیوں کا فرار،، سندھ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہی:پاسبان

منگل 3 جون 2025 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طاراق چاندی والانے کہا ہے کہ ملیر جیل سے 216 قیدیوں کا فرار ہونا سندھ حکومت کے منہ پر براہ راست ایک بہت بڑا طمانچہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے قیدیوں سے رشوت لے کر فرار کروا کر اپنا عید کا خرچہ نکالا ہے۔ حکومت یہ کہہ کر حقائق پر پردہ ڈال رہی ہے کہ فرار ہونے والے زیادہ تر قیدی منشیات کے کیس میں ماخوذ تھے۔

وزیر اعلیٰ اور شرجیل انعام میمن کے چہروں پر ہوائیاں اڑ رہی ہیں۔ لگتا ہے کہ اعلی سطح پر ان کی نااہلی کا نوٹس لیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کوئی عملی قدم اٹھانے سے معذور دکھائی دیتے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر مفرور قیدیوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کیا خیال ہے کہ مفرور قیدی اس وقت ٹی وی دیکھ رہے ہوں گی وزیر اعلی عوام کو بتائیں کہ فرار ہونے والے قیدیوں میں سے دہشت گردی کے جرم کے تحت کتنے سزا یافتہ قیدی تھے جو فرار ہوئے ہیں پولیس کے سساتھ ساتھ رینجرز کی کارکردگی پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

عید کے موقع پر یہ مفرور قیدی اسپیشل ٹرینوں کی ذریعے پورے ملک میں پھیل جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت پورے ملک کے لئے سیکیورٹی رسک ہے۔ انہیں فوری طور پر برطرف کرکے سندھ پر ٹیکنو کریٹس کی حکومت قائم کی جائے۔ سندھ میں لا قانونیت انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ بڑے پیمانے پر سرجری کی ضرورت ہے۔ ان قیدیوں کو رشوت لے کر فرار کرانے والے اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے۔

قیدیوں کے درمیان مار پیٹ بھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے یا مر جانے والے قیدیوں کی تفصیلات دینے سے سندھ حکومت گریزاں ہے۔ قیدیوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں شدید ناکامی حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت کے اہلکاروں سے بہتر تو قیدی اور ان کے اہل خانہ ہیں جن کی بڑی تعداد نے ازخود واپس جیل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قیدیوں کے لواحقین کے انٹرویو سے جیل کی حالت زار اور قانون کی ناگفتہ بہ حالات کا پتہ چل رہا ہے۔

آج جب کہ ہم جنگ جیتنے کا جشن منا رہے ہیں بین الاقوامی سطح پر یہ خبر ہمارا مذاق اڑا رہی ہے۔ آئی جی اور چند لوگوں کی برطرفی کے چند دنوں بعد پرنالہ وہیں سے بہہ رہا ہوگا۔یہ کوٹہ سسٹم اور رشوت پر بھرتی ہے جس نے بیوروکریسی کو نااہل ترین افراد سے بھر دیا ہے۔ پولیس کی ٹریننگ کا یہ عالم ہے کہ قیدیوں نے انہیں سے رائفل چھین کر فرار کی راہ اختیار کی۔ 216 قیدیوں میں سے ڈیڑھ سو سے زیادہ ابھی تک مفرور ہیں۔ یہ حکومت سندھ کی بد ترین نااہلی ہے۔ وزیر داخلہ سندھ کو کوئی نہیں جانتا، صرف منفی خبروں کے حوالے سے خبروں کی زینت بنتے ہیں۔ پیپلز پارٹی وفاق کو بلیک میل کر کے حکومت میں شامل ہے۔ حقیقیت یہ ہے کہ یہ پارٹی سندھ مین دہشت گردی کی زمہ دار ہے
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات