سی سی ڈی نارووال کی کارروائی ،3خطرناک ڈاکو مبینہ پولیس مقابلہ میں مارے گئے

بدھ 4 جون 2025 14:50

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نارووال کی کارروائی میں 3خطرناک ڈاکو مبینہ پولیس مقابلہ میں مارے گئے ۔نارووال پولیس کے ترجمان کے مطابق بدھ کی صبح تقریبا 5:20بجے SI جنید الرحمن انچارج شکر گڑھ سرکل سی سی ڈی نارووال اپنی ٹیم کے ساتھ مجرم کی گرفتاری کے لئے اخلاص پور جارہے تھے، جب وہ بدوال موڑ جنگل کے قریب پہنچے، اسی دوران چار نامعلوم مسلح افراد واردات کی نیت سے روڈ پر کھڑے تھے جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر سیدھی پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اور فائرنگ کرتے ہوئے وہ نامعلوم مجرم بدوال جنگل میں داخل ہوئے، پولیس پارٹی نے ہوائی فائرنگ سے اپنا دفاع کیا۔

جیسے ہی فائرنگ رک گئی۔ جنگل میں جا کر دیکھا تو دو زخمی ملزمان پستول سمیت جنگل میں پڑے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسرے دو افراد جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مجرموں کی شناخت اسد اعجاز ولد محمد یعقوب سکنہ پنجگرائیں تحصیل ظفروال ضلع نارووال اور ایم شاہد عرف بھالی ولد بشیر احمد سکنہ عصمت اللہ کالونی گوٹکی سندھ حال مقیم احمد حسن کالونی تحصیل نارووال ہوئی جو کہ بعد ازاں دم توڑ گئے ۔

دونوں ملزمان خطرناک ڈاکو تھے اور اس سے قبل بالترتیب 23اور 31ایف آئی آر میں گھنائونے جرائم کے ریکارڈ ہولڈر ہیں جس میں قتل اقدام قتل اور وارداتیں شامل ہیں جبکہ بدھ کے روز علی الصبح تقریبا 05:5بجے آئی پی محمد اکرم صدر سرکل سی سی ڈی نارووال اپنی ٹیم کے ہمراہ اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے لیے کرم شا والی دربار سے براستہ ننگل جمشید روڈ جا رہے تھے کہ امرود کے باغ کے قریب پہنچے، اسی دوران تین نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی کو روکا اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔

نامعلوم ملزمان پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے امرود کے باغ میں گھس گئے، پولیس پارٹی نے خود کا دفاع کرتے ہوئے فائرنگ کی۔ جیسے ہی فائرنگ بند ہوئی۔ ایک زخمی ملزم کے پاس سے ایک پستول پڑا ہوا برآمد ہوا جبکہ دیگر دو امرود کے باغ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مجرم کی شناخت ریاست علی ولد مقبول سکنہ نبی پور گاں ضلع شیخوپورہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم کم عمر بچوں کے ساتھ زیادتی کے بہت سے واقعات میں ملوث پایا گیا اور کم عمر بچوں کو دوسرے لوگوں کو ریپ کرنے اور پیسے کمانے کے لیے کرایہ پر دیتا تھا۔ زخمی مجرم کو ڈی ایچ کیو نارووال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔مجرموں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔