مستقبل میں جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے ‘ آصف علی زرداری

پیپلز پارٹی کو سینٹرل پنجاب میں بہتر پوزیشن پر لانے کی کوشش کریں گے‘صدر مملکت

بدھ 4 جون 2025 16:44

مستقبل میں جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے ‘ آصف علی زرداری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو سینٹرل پنجاب میں بہتر پوزیشن پر لانے کی کوشش کریں گے،جنوبی پنجاب تنظیم کی کارکردگی قابل اطمینان ہے۔

(جاری ہے)

وہ گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر مرحوم شیخ رفیق احمد کی صاحبزادی ڈاکٹر حمیرہ راشد ،ڈاکٹر راشد ضیا، ڈاکٹرمکرمہ راشد اور فرخ مرغوب صدیقی پر مشتمل وفد سے گفتگو کر رہے تھے،اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب میں شیخ رفیق احمد کے دور صدارت میں رحیم یار خان سے اٹک تک پوری تنظیم سرگرم ہوتی تھی۔وفد نے صدر سے مطالبہ کیا کہ پنجاب کی تنظیم ایک کر دی جائے جس پر صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل میں جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے اس لیے اب ایسا ممکن نہیں ۔ انہوں نے شیخ رفیق احمد کی پارٹی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر فاروق لغاری کی جگہ ہم شیخ رفیق کو صدر بناتے تو پیپلز پارٹی کبھی مشکلات کا شکار نہ ہوتی اور پارٹی میں کوئی غداری کرنے کی جرات نہ کرتا۔