Live Updates

پاکستان ریلویز کا عیدالاضحیٰ پر کرایوں میں 20 فیصد رعایت کا اعلان

عید کے تینوں روز ٹرین کے کرایوں میں رعایت دی جائے گی جو تمام ٹرینوں اور تمام کلاسز پر لاگو ہوگی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 16:37

پاکستان ریلویز کا عیدالاضحیٰ پر کرایوں میں 20 فیصد رعایت کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) پاکستان ریلویز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کرایوں میں رعایت دینے کا اعلان کردیا۔ ترجمان ریلویز کے مطابق عید کے تینوں روز ٹرین کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت دی جائے گی جو تمام ٹرینوں اور تمام کلاسز پر لاگو ہوگی، تاہم یہ رعایت صرف کرنٹ بکنگ پر دستیاب ہوگی یعنی پیشگی ریزرویشن پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا، اسی طرح عید اسپیشل ٹرینز بھی اس سہولت سے مستثنیٰ ہوں گی۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، اس اقدام کا مقصد عوام کی سہولت کے لیے ان کے سفر میں آسانی پیدا کرنا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو محدود بجٹ کے ساتھ اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے سفر کرنے کے خواہشمند ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان ریلویز نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا ہے، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی منظوری سے عید الاضحیٰ کے موقع پر یہ تمام خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ عید کے دوران اضافی مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی 77 سالہ تاریخ میں ریکارڈ کامیابیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران ریلوے نے 83 ارب روپے آمدنی حاصل کی ہے جو کہ اس ادارے کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کے علاوہ تین دن کے لیے مسافروں کو کرایوں میں 20 فیصد خصوصی رعایت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاہدوں کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، رائل پام ایکسپریس کی انٹرنیشنل ٹینڈرنگ مکمل ہوچکی ہے اور آؤٹ سورسنگ کے تحت متعدد اہم منصوبے جاری ہیں جن میں ہسپتال اور 14 سکولوں کی آؤٹ سورسنگ شامل ہے تاکہ ملازمین کو سستی اور معیاری طبی سہولیات اور تعلیم دی جا سکے، ملازمین کے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں جیسی معیاری تعلیم دی جائے گی اور فیس ریلوے کی شرائط کے مطابق ہوگی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ چکلالہ اور مارگلہ سٹیشنز پر صفائی کا اعلیٰ انتظام کیا گیا ہے اور فوڈ کوالٹی پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، چاروں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز بھی ریلوے میں فوڈ کوالٹی کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہیں، فرنٹ ڈیسک اور ٹرین ہوسٹس سروسز کو بھی جلد متعارف کرایا جائے گا تاکہ مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں، پنجاب ماڈل کے تحت اینٹی انکروچمنٹ آپریشن سختی سے نافذ کیے جا رہے ہیں اور اربوں روپے کی قیمتی زمین واگزار کرائی جائے گی، سٹیشن یارڈز، کمرشل، زرعی اور رہائشی زمینوں کو خالی کرانے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات