Live Updates

پاکستان طالبان پر عائدپابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرنے والی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کمیٹی کا چیئرمین اور انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب چیئرمین مقرر

بدھ 4 جون 2025 23:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) پاکستان کو طالبان پر عائدپابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرنے والی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کمیٹی کا چیئرمین اوراقوام متحدہ کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ یہ اعلان بدھ کے روز باضابطہ طور پر کیا گیا۔پاکستان کی اقوام متحدہ میں مشن کی طرف سے ایک پریس ریلیزکے مطابق پاکستان کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو قرارداد 1988 (2011) کے تحت طالبان پر عائد پابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرتی ہے جبکہ اسے انسداد دہشت گردی کمیٹی کا نائب چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے، جو قرارداد 1373 (2001) کے نفاذ کی نگرانی کرتی ہے۔

پاکستان کی اقوام متحدہ میں مشن کی طرف سےان تعیناتیوں کواہم سفارتی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دستاویزات (کام کے طریقے) پر غیر رسمی ورکنگ گروپ (IWG) اور حال ہی میں قائم ہونے والے آئی ڈبلیو جی برائے پابندیوں کا شریک چیئر بھی مقرر کیا گیا ہے۔ دستاویزات پر ورکنگ گروپ کا مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کام کے طریقوں، شفافیت، کارکردگی اور شمولیت کو بہتر بنانا ہے۔

پابندیوں پر ورکنگ گروپ کا مقصد اقوام متحدہ کی پابندیوں کے نظام کا دوبارہ جائزہ لے کر اس کے ڈیزائن، نفاذ اور مؤثریت کو بہتر بنانا ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیاکہ یہ تعیناتیاں پاکستان کی اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ فعال مشغولیت بشمول سلامتی کونسل کے منتخب رکن کے طور پر اس کے تعمیری کردار کی بھی تصدیق ہیں۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیایہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف بھی ہیں۔

پاکستان نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ اور دوسرے رکن ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے کردار کو نبھانے کیلئے پرعزم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات