Live Updates

پنجاب حکومت کا عیدالاضحی سے قبل قیدیوں کی سزاﺅں میں 90 روز کی معافی کا اعلان

محکمہ داخلہ پنجاب نے سزاﺅں میں خصوصی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، حکم نامے کے مطابق سزا میں کمی پاکستان پریژن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت کی گئی ہے، دہشت گردی، فرقہ واریت، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 5 جون 2025 14:10

پنجاب حکومت کا عیدالاضحی سے قبل قیدیوں کی سزاﺅں میں 90 روز کی معافی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 جون 2025)پنجاب حکومت نے عیدالاضحی سے قبل قیدیوں کی سزاﺅں میں 90روز کی معافی کا اعلان کر دیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے سزاﺅں میں خصوصی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،حکم نامے کے مطابق سزا میں کمی پاکستان پریژن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت کی گئی ہے، تاہم دہشت گردی، فرقہ واریت، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔

یہ رعایت مخصوص نوعیت کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کو نہیں دی گئی جبکہ جاسوسی، قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا کے مجرمان،مالی غبن، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزایافتہ قیدی بھی اس رعایت سے مستفید نہیں ہونگے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں قید 450 قیدی اس خصوصی رعایت سے مستفید ہوں گے جبکہ 270 قیدیوں کی رہائی ممکن ہو پائے گی جو عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدام قیدیوں کی فلاح و بہبود اور عید کے موقع پر ان کی اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صدر مملکت اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے ماہ رمضان المبارک، یوم پاکستان اور عیدالفطر کی مناسبت سے قیدیوں کی سزا میں 90، 90 یوم کمی کا اعلان کیاتھا۔صدر آصف زرداری اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اعلان کے بعد پنجاب کی جیلوں سے 28 قیدی رہا جبکہ 2367 کی سزاوں میں کمی کر دی گئی تھی۔

ایسے مرد قیدی جن کی عمر 65 سال یا اس سے زائد ہے اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے تھے اور ایسی خواتین جن کی عمر 60 سال یا اس سے زائد تھی اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکی تھیں اور ایسی خواتین قیدی جن کے ہمراہ بچے بھی موجود تھے انکو سزاوں میں چھوٹ ملی تھی۔اس کے علاوہ نو عمر قیدی جن کی عمر 18 سال سے کم ہے اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے تھے۔ ان پر بھی اس سزا میں کمی کا اطلاق کیا گیا تھا جبکہ سزا میں کمی کا اطلاق زنا، دہشتگردی، ڈکیتی، اغوا، جاسوسی، بغاوت اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کے سوائے دیگر جرائم کے قیدیوں پرکیا گیا تھا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات