Live Updates

مودی کے دورہ ء مقبوضہ کشمیر سے قبل پابندیاں سخت،کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دورے کے دوران ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں چناب ریلوے پل کا افتتاح کریں گے

جمعرات 5 جون 2025 14:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں (آج) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے سے قبل سکیورٹی کے نام پر پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نریندر مودی دورے کے دوران ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں چناب ریلوے پل کا افتتاح کریں گے جو 272کلومیٹر طویل اودھمپور-سرینگر-بارہمولہ ریلوے ٹریک کا حصہ ہے۔

وہ سرینگر کے لیے ایک خصوصی ٹرین کاافتتاح بھی کریں گے۔نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے سے قبل ہی قابض انتظامیہ نے سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں سمیت بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو سرینگر ، بانیہال اور کٹرا سمیت اہم علاقوں میں تعینات کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جموں شہرمیں بھی سکیورٹی کو مزید سخت کیاگیاہے جہاں نریندر مودی اہم میٹنگز کریں گے۔

سکیورٹی کی صورتحال پرکڑی نظر رکھنے کیلئے ایک کواآرڈی نیشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے ریلوے ٹریک کے اہم حصوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔بھارتی پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔جموں سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر بھارتی پولیس افسر کے مطابق سینٹرل پیراملٹری فورسز کے تعاون سے سکیورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔

تمام حساس مقامات خاص طور پر جموں اور ریلوے ٹریک کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ایک اور بھارتی پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایاہے کہ نریندرمودی کے دورے کے موقع پر ایک مربوط سیکورٹی گرڈ قائم کی گئی ہے، جس میں ٹریفک کنٹرول، فضائی نگرانی اور اہم مقامات پر کوئیک ری ایکشن ٹیموں اورنشانہ بازوں کی تعیناتی شامل ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ تلاشی کی کارروائیاں بھی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے عسکری اور سیاسی رہنمائوں کے اعلیٰ سطح کے دوروں کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جاتاہے۔ بھارتی قابض انتظامیہ دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں بہتری کو ظاہر کرنے کیلئے کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر کے کشمیریوں کوگھروں میں محصور کر دیتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات