Live Updates

یورپی حکام تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کریں، علی رضا سید

جمعرات 5 جون 2025 21:10

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے ایک بیان میں کہاکہ یورپی حکام بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے روکیں اور کشمیر کے مسئلے کے پرامن اور منصفانہ حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، کشمیریوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات، حریت رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی ، نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل اور مظاہرین پر بھارتی فورسز کی بے دریغ فائرنگ ایک سنگین انسانی المیہ ہے جس پر عالمی براداری کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاخودارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھاناچاہیے ۔

علی رضا سید نے کہاکہ گذشتہ ماہ بھارتی حکام نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر نہ صرف پاکستان اور آزاد کشمیر میں کئی بے گناہ اور معصوم لوگوں کو شہید کیا بلکہ مقبوضہ کشمیر میں متعدد نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا اور ان کے گھروں کو تباہ کیا۔انہوں نے کہاکہ آج مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ضرورت ہے۔کشمیر دنیا کا سب سے خطرناک فلیش پوائنٹ ہے اور اسے نظرانداز کرنا بین الاقوامی امن کے لیے بہت خطرناک ہے۔

علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کامسئلہ اٹھائے اور ان خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل انصاف پر مبنی اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے یورپی یونین کے حکام پرزوردیاہے کہ وہ پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزامات پر مبنی جھوٹے پروپیگنڈے میں ہرگز نہ آئیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات