Live Updates

سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری ،بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز

حتمی فیصلہ 10 جون کو کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا، سال 2022 کے ایڈہاک الاونس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی بھی سفارش، حکومت سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج بھی پیش کرنے پر غور کر رہی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 جون 2025 15:30

سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری ،بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 جون 2025) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز، حتمی فیصلہ 10 جون کو کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا، حکومت نے مالی سال 26-2025 ء کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری کی تیاری کرلی، ذرائع کا کہناہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج بھی پیش کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ مہنگائی کے دباو میں کمی لائی جا سکے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تیاری جاری ہے جب کہ بجٹ 2025-26ءمیں سرکاری ملازمین کیلئے حکومت کی جانب سے ریلیف پیکیج دیا جانا متوقع ہے۔ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کیلئے 3 فیصد ڈسپیئرٹی الاونس جبکہ گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے سال 2022 کے ایڈہاک الاونس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی بھی سفارش بھی کی ہے۔

مسلح افواج کے ملازمین کوکنٹری بیوٹری پنشن سکیم سے مزید ایک سال استثنیٰ دینے کی تجویز ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد یہ تجاویز بجٹ تقریر کا حصہ بنائی جائیں گی۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کے زیرصدارت کابینہ اجلاس 10 جون کو ہوگا۔اجلاس میں آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز پرغورکیا جائے گا۔

حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتوں کے فروغ کے نئے منصوبوں کیلئے فنڈز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔بجٹ تجاویز سے متعلق دستاویز میں پاکستان سٹیل ملزکی زمین پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ پاکستان سٹیل ملزکی مجموعی طور پر 6ہزار400 ایکڑ زمین خصوصی اقتصادی زون کیلئے مختص ہوگی۔دستاویز کے مطابق بجٹ میں ایک ہزار انڈسٹریل اسٹچنگ یونٹس کے قیام کے نئے منصوبے کیلئے 25 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز کی ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے مجوزہ اضافے کو خوش آئند قراردیا ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی حکومت محروم ملازمین کوتنخواہوں میں تفریق ختم کرنے کی یقین دہانی کرا چکی ہے اس حوالے سے ملازمین کے ساتھ زبانی اور تحریری معاہدہ بھی کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سرکاری ملازمین نےتنخواہوں اورکم ازکم اجرت میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ مطالبات پورے نہ ہونے پر دس جون کو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات