Live Updates

پاکستان سے جنگ میں بھارتی طیاروں کے دو پائلٹس کی موت ہوگئی تھی ، سینئر اینکر پرسن شہزاد اقبال کا انکشاف

پاک بھارت حالیہ جنگ میں بھارت کے تین پائلٹس زخمی ہیں جو زیر علاج تھے ، پاکستانی ائیرفورس کی جانب سے مارگرائے بھارتی طیاروں کے پائلٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 جون 2025 17:11

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 جون 2025)پاک بھارت کے درمیان حالیہ جنگ میں بھارتی تباہ طیاروں کے دو پائلٹس کی موت ہوگئی تھی ، پاکستانی ائیرفورس کی جانب سے گرائے گئے بھارتی جنگی طیاروں کے پائلٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں ، معروف اینکر پرسن شہزاد اقبال نے جیو پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں ان سے میزبان مبشر ہاشمی نے سوال کیا کہ ان جیٹس کے پائلٹس کا کیا ہوا؟۔

اینکرپرسن شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت کے تباہ ہوئے طیاروں کے دو پائلٹس کی موت ہوگئی تھی جبکہ تین زخمی تھے جوزیرعلاج تھے۔ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے 6 بھارتی جنگی جہاز گرائے مگر بھارت پاکستان کا کوئی جہاز لاک کرکے فائر بھی نہ کر سکا۔ شہزاد اقبال کایہ بھی کہنا تھا کہ جب میں نے ائیرفورس کے لوگوں سے پوچھا کہ یہ معلومات آپ تک کیسے پہنچتی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ یہ تفصیلات ہمیں ہمارے آن گراونڈ انٹیلی جنس کے ذریعے ملتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم اپنی متعدد انٹیلی جنس ایجنسیز سے تصدیق کرکے بتاسکتے ہیں کہ یہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا رسپانس کیلکیو لیٹڈ اور مضبوط تھاجبکہ پاکستان نے جلد بازی میں رسپانس نہیں کیا۔پروگرام کے دوران گفتگوکرتے ہوئے اینکر پرسن شہزاد اقبال کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ جب فضائی جنگ ہو رہی تھی تو ہمارے 40 جہاز تھے اورانڈیا کے 80 جہاز تھے مگر ہماری ائیر فورس کی صلاحیتوں کے ساتھ یہ ایک معجزہ تھا کہ ناصرف ہمارا کوئی جہاز نہیں گرا بلکہ بھارتی ائیر فورس ہمارا کوئی جہاز لاک کرکے میزائل بھی فائر نہیں کر سکی جبکہ ہم نے انڈیا کے رافیل سمیت دیگر جہاز گرائے۔

گفتگو کے دوران شہزاد اقبال نے کہا کہ میں نے ائیر فورس کے لوگوں سے پوچھا پاکستان کا بجٹ 9 بلین ڈالر ہے جب کہ انڈیا کا بجٹ 86 بلین ڈالر ہے تو اس طرح آپ کے پاس جو سکیورٹی ہے وہ انڈیا کے پاس بھی ہوگی تو انہوں نے مجھے جواب دیا ہمارا سسٹم بھارت سے زیادہ ایڈوانس ہے اور اسی کا حقیقی مظاہرہ ہم نے حالیہ جنگ میں دیکھا۔ شہزاد اقبال نے کہا کہ پاکستان ائیرفورس کی صلاحیتوں کا اندازہ تو تھا لیکن پاکستان نے جس طرح رافیل کے حملے کو ناکام بنایا تو یہ ہماری بڑی فتح تھی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات