Live Updates

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان کو نئی عالمی شناخت دے رہی ہے، انجینئر امیر مقام

جمعہ 6 جون 2025 22:08

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان کو نئی عالمی شناخت دے رہی ہے، افواجِ پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری قوم اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری، شانگلہ میں سولرائزیشن منصوبے کے افتتاح کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ قوم کی یہی یکجہتی برقرار رہی تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے اور اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج وہ عناصر بھی شرمندگی محسوس کر رہے ہیں جنہوں نے ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے فتنے، جھوٹ اور نفرت پر مبنی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، اور اب ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر یہ عزم دہرایا کہ وہ ہر آفت، چاہے وہ زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا دہشتگردی، عوام کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات